متحدہ عرب امارات

شکریہ شیخ محمد‘ — غزہ میں بھوک سے نڈھال بزرگ کو امارات کی امداد پہنچ گئی

خلیج اُردو
غزہ – فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں ایک بزرگ شخص، سالم عصفور، جو جنگ اور بھوک کی شدت سے کمزور ہو چکے ہیں، نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے بھیجی گئی امداد موصول ہونے پر اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا۔ سالم، جو اپنی خوبصورت اذان کی آواز سے پڑوسیوں میں جانے جاتے تھے، اب اتنے کمزور ہیں کہ روٹی بھی دانت نہ ہونے کی وجہ سے پانی میں بھگو کر کھاتے ہیں۔

غزہ میں جاری جنگ کو تقریباً دو سال ہو چکے ہیں، اور عالمی اداروں کے مطابق یہ علاقہ قحط کے دہانے پر ہے۔ بچوں کے ساتھ ساتھ بزرگ بھی شدید بھوک اور غذائی قلت کا شکار ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں سالم بغیر قمیض کے نظر آتے ہیں، جن کی پسلیاں بھوک سے نمایاں ہو چکی ہیں۔ وہ بتاتے ہیں: “میں کھانا چاہتا ہوں۔ تین مہینے سے ایسے ہی جی رہا ہوں۔”

ان کی یہ فریاد امارات کے آپریشن "چیوَیلرس نائٹ 3” تک پہنچی، جو غزہ کے عوام کی امداد کے لیے جاری ہے۔ اماراتی ریلیف ورکرز فوری طور پر سالم کے خیمے میں پہنچے اور ان کے لیے آٹا، تیل، سبزیاں، پھل اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کیں۔

اماراتی اہلکار ضیاء ابو زید نے خود سالم کو ہاتھ سے کھلایا، جس پر سالم نے کہا: “میں شیخ محمد بن زاید اور ان کے اہلِ خانہ، اماراتی عوام اور ملک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اللہ آپ کو سلامت رکھے۔” ضیاء نے انہیں ایک چغہ پہنایا اور عزت و محبت کے اظہار کے لیے ان کے سر پر بوسہ دیا۔

امارات گزشتہ ایک ماہ سے غزہ کے لیے فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے امداد پہنچا رہا ہے۔ جمعے کو 66واں فضائی آپریشن اردن، جرمنی، بیلجیئم، فرانس، نیدرلینڈز اور اٹلی کے تعاون سے مکمل کیا گیا، جس سے غزہ میں اب تک 3,873 ٹن سے زائد امداد پہنچائی جا چکی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق یہ کل بین الاقوامی امداد کا 44 فیصد ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button