
خلیج اردو
دبئی: یوگَو کے جاری کردہ ایک سروے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے 55.5 فیصد عوام آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سے گفتگو کے دوران باقاعدگی سے "پلیز” یا "تھینک یو” جیسے شائستہ الفاظ استعمال کرتے ہیں، جو سروے میں شامل 17 ممالک میں سب سے زیادہ شرح ہے۔ اس سروے میں 12 ہزار سے زائد اے آئی صارفین شامل تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ میکسیکو (54.1 فیصد) اور بھارت (50.2 فیصد) وہ دیگر ممالک ہیں جہاں نصف سے زائد لوگ اے آئی سے بات کرتے وقت شائستہ الفاظ کا استعمال کرتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں خواتین (58.9 فیصد) مردوں (54.1 فیصد) کے مقابلے میں زیادہ شائستہ ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اپریل 2025 میں اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹ مین نے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ انہیں حیرت ہے کہ لوگوں کے "پلیز” اور "تھینک یو” کہنے پر اوپن اے آئی نے بجلی کے بل میں کتنا نقصان برداشت کیا ہوگا۔
یو اے ای کے وزیر مملکت برائے آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیجیٹل اکانومی اور ریموٹ ورک ایپلیکیشنز عمر بن سلطان العلمہ نے مئی 2025 میں دبئی کے کیپیٹل مارکیٹ سمٹ کے دوران کہا کہ متحدہ عرب امارات اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں اے آئی کے استعمال کی شرح تقریباً 100 فیصد ہے۔ ان کے مطابق یو اے ای کی ٹیکنالوجی میں کامیابیاں اور اے آئی اپنانا 25 سالہ حکومتی تبدیلی کا نتیجہ ہیں۔
سروے میں سب سے کم شائستگی ڈنمارک (31.1 فیصد)، امریکہ (32.3 فیصد) اور سویڈن (33.2 فیصد) میں ریکارڈ کی گئی۔







