
خلیج اُردو
دبئی: جب متحدہ عرب امارات کے بعض حصوں میں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچتا ہے تو یہ سوچنا مشکل ہوتا ہے کہ ملک میں کہیں سردیوں کی صبح جیسی ٹھنڈک بھی ہو سکتی ہے، مگر کچھ پہاڑی علاقے ایسے ہیں جہاں گرمیوں میں بھی درجہ حرارت 20 ڈگری کے آس پاس رہتا ہے اور یہاں لوگ رہائش پذیر بھی ہیں۔
پیر کی صبح راس الخیمہ کے جبل جیس میں درجہ حرارت 23.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ فجیرہ کے مبرہ پہاڑ پر 24.4 ڈگری، جبل الرحبہ، الفرفر اور العین کے جبل حفیظ میں بھی نسبتاً ٹھنڈا موسم رہا۔ ایک ہفتہ قبل فجیرہ کے الہبن پہاڑ پر درجہ حرارت 21.4 ڈگری تک گر گیا جو اس روز پورے یو اے ای میں سب سے کم تھا۔
ماہر موسمیات فہد محمد عبدالرحمٰن کے مطابق ان مقامات کی ٹھنڈک کی وجہ ان کی بلندی، پہاڑی ہوائیں اور شہروں سے فاصلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہاڑوں اور ساحلی علاقوں کے درمیان دن کے وقت درجہ حرارت میں 5 سے 10 ڈگری کا فرق عام بات ہے، جو رات میں مزید بڑھ جاتا ہے۔ اس سال ساحلی علاقوں میں شدید گرمی اور پہاڑوں میں کم نمی کی وجہ سے یہ فرق زیادہ نمایاں ہے۔
فہد نے کہا کہ پہاڑی علاقوں کے مکین گرمیوں میں زیادہ خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوتے ہیں، کھلی فضا میں وقت گزارتے ہیں، ایئر کنڈیشنر پر کم انحصار کرتے ہیں، اور زراعت و مویشی بانی جاری رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ گرمی کی شدت کے دوران یہ علاقے مقامی سیاحت کا مرکز بھی بن جاتے ہیں۔
دبئی کے موسمیاتی شوقین محمد سجاد نے کہا کہ جبل جیس پر ریکارڈ ہونے والا 24 ڈگری کا درجہ حرارت عوامی طور پر قابل رسائی بلندی سے مختلف ہوتا ہے، جہاں گرمیوں میں درجہ حرارت تقریباً 29 سے 32 ڈگری تک ہوتا ہے۔ تاہم مشرقی ساحل کے بعض پہاڑ، خاص طور پر کلہبا سے دبا تک، بادلوں کے دوران حیران کن حد تک ٹھنڈے ہو جاتے ہیں، یہاں تک کہ درجہ حرارت 18 ڈگری تک گر سکتا ہے اور سردیوں کا لباس پہننا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے ایسے دو مقامات کی نشاندہی کی جو عوام کے لیے باآسانی قابل رسائی ہیں: خورفکان، شارجہ کا السحب ریسٹ ایریا جو 650 میٹر کی بلندی پر ہے اور کسی بھی گاڑی سے پہنچا جا سکتا ہے، اور فجیرہ کا فرفر پہاڑ جو 710 میٹر بلند ہے، جہاں پہنچنے کے لیے آف روڈ گاڑی کی ضرورت پڑتی ہے۔







