متحدہ عرب امارات

یو اے ای فٹبال ایسوسی ایشن کا العین کلب کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

خلیج اردو
یو اے ای فٹبال ایسوسی ایشن (UAEFA) نے ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اماراتی ریفریز کی دیانت اور صلاحیت پر سوال اٹھانے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب العین کلب نے البطائح اسپورٹس کلب کے خلاف اپنے میچ کے بعد متعدد "متنازعہ فیصلوں” پر تحفظات کا اظہار کیا۔ یہ میچ ہفتہ کو کھیلا گیا جو العین نے 1-2 سے جیتا۔

العین کلب نے اپنے بیان میں کہا کہ "ہم مسلسل ہونے والی ایسی غلطیوں کو مسترد کرتے ہیں جو گھریلو مقابلوں میں ٹیم کے نتائج پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔” تاہم ساتھ ہی انہوں نے اماراتی ریفریز کے نظام پر اعتماد کا اعادہ بھی کیا۔

یو اے ای ایف اے نے کلب کے سرکاری پلیٹ فارمز پر ریفریز پر تنقید کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کھیل کی روح اور دوسروں کے کام کا احترام کرنے پر زور دیا۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ وہ العین کلب اور دیگر ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرے گی جو ریفریز کے کام یا کارکردگی پر غیر مناسب انداز میں سوال اٹھائیں گے۔

ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ گزشتہ دو سیزنز میں کلب اور اس کے منسلک افراد کی جانب سے انتظامی غلطیوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن انہیں مکمل پیشہ ورانہ انداز میں نمٹایا گیا۔ ادارے نے امید ظاہر کی کہ کلب آئندہ اپنے معاملات بہتر بنائے گا اور غیر متعلقہ تنازعات میں پڑنے سے گریز کرے گا۔

یو اے ای ایف اے نے یہ بھی واضح کیا کہ ریفریز کے نظام کی بہتری صرف اسی کی ذمہ داری ہے، جس پر ماہرین پر مشتمل کمیٹیاں اور ورکنگ گروپس کام کر رہے ہیں۔ مزید یہ کہ اگر کسی کلب کو مقامی ریفریز کے فیصلوں پر اطمینان نہ ہو تو وہ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق غیر ملکی ریفریز کی خدمات حاصل کرنے کی درخواست دے سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button