متحدہ عرب امارات

یو اے ای انشورنس سیکٹر کا منافع 52 فیصد بڑھ گیا، 2024 کی بارشوں کے نقصانات سے تیزی سے ریکوری

خلیج اردو
یو اے ای کی انشورنس انڈسٹری 2024 کی غیر معمولی بارشوں کے نقصانات سے سنبھلتے ہوئے 2025 کی پہلی ششماہی میں منافع میں 52 فیصد اضافہ ریکارڈ کر گئی ہے۔ بیڈری مینجمنٹ کنسلٹنسی کے مطابق انشورنس کمپنیوں کا خالص منافع جنوری تا جون 2025 میں 2 ارب درہم تک پہنچ گیا۔

اس منافع میں اضافہ پریمیم ریٹس میں تسلسل سے ہونے والے اضافے اور بہتر رسک بیسڈ پرائسنگ کے باعث ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق انشورنس ریونیو 19 فیصد بڑھ کر 24.2 ارب درہم ہوگیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 20.3 ارب درہم تھا۔ سب سے زیادہ بہتر نتائج موٹر اور میڈیکل انشورنس لائنز میں سامنے آئے۔

یاد رہے کہ اپریل 2024 کی تاریخی بارشوں نے موٹر اور پراپرٹی انشورنس میں اربوں درہم کے نقصانات پہنچائے تھے، جس کے بعد کمپنیوں نے پریمیم ریٹس میں اضافہ کیا تاکہ نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے۔

بیڈری کے مطابق ٹاپ فائیو انشورنس کمپنیوں نے 1.3 ارب درہم کا مجموعی انشورنس سروس رزلٹ دیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 31 فیصد زیادہ ہے۔ یہ انڈسٹری میں بڑے اداروں کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور آپریشنل ایفیشنسی کو اجاگر کرتا ہے۔

بیڈری مینجمنٹ کنسلٹنسی کے منیجنگ ڈائریکٹر حاتم مسکاوالا نے کہا کہ کئی کمپنیوں پر سالوینسی ریکوائرمنٹس پوری نہ کرنے کا دباؤ ہے، اسی لیے کچھ نے حال ہی میں کیپیٹل میں اضافہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا:
"اگرچہ شرحوں میں بتدریج بہتری اور سینٹرل بینک کی سخت نگرانی انڈسٹری کو سہارا دے رہی ہے، لیکن ری انشورنس لاگت میں اضافے اور معاہدوں کی تجدید کے اثرات پر نظر رکھنا ضروری ہے۔ طویل المدتی پائیداری کے لیے انڈر رائٹنگ ڈسپلن اور کلیمز مینجمنٹ کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔”

اعداد و شمار کے مطابق 26 میں سے 6 کمپنیوں نے انشورنس نتائج میں خسارہ دکھایا، تاہم ان میں سے 5 نے انویسٹمنٹ انکم کے ذریعے خالص منافع حاصل کیا۔

اہم کمپنیوں کی کارکردگی

  • یونین انشورنس کمپنی: منافع 76 فیصد بڑھ کر 22.7 ملین درہم رہا۔ انڈر رائٹنگ رزلٹ بھی 93 فیصد بڑھا۔ کمپنی کی سالوینسی 170 فیصد رہی جو ریگولیٹری تقاضوں سے کہیں زیادہ ہے۔

  • ابوظہبی نیشنل انشورنس کمپنی (ADNIC): ٹیکس سے قبل منافع 261.2 ملین درہم رہا، جو 16.5 فیصد اضافہ ہے۔ گراس پرِیمنز 25.7 فیصد بڑھ کر 5.539 ارب درہم تک پہنچ گئیں۔

  • سلامہ تکافل: خالص منافع 8.25 ملین درہم رہا، جس میں زیادہ حصہ دوسری سہ ماہی کے 7.86 ملین درہم کا ہے۔

یو اے ای کی انشورنس انڈسٹری اب نہ صرف 2024 کی بارشوں کے بڑے نقصانات سے نکل چکی ہے بلکہ بہتر ریونیو، مضبوط پالیسیوں اور مارکیٹ کنٹرول کے باعث ایک مستحکم پوزیشن میں آ گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button