
خلیج اردو
دبئی: ڈیجیٹل دبئی نے امارات کے پہلے ورچوئل کردار کے نام کے لیے عوامی پول میں بھرپور شرکت پر کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ تقریباً 14 ہزار افراد نے اس انٹرایکٹو مہم میں حصہ لیا، جس میں "لطیفہ” 43 فیصد ووٹ لے کر سب سے مقبول نام قرار پایا، جبکہ "میرا” 37 فیصد اور "دبئی” 20 فیصد ووٹ حاصل کر سکے۔
عوامی شمولیت کے بعد ڈیجیٹل دبئی نے ملک کا پہلا مصنوعی ذہانت پر مبنی اماراتی ڈیجیٹل خاندان متعارف کرایا۔ سوشل میڈیا پر جاری مختصر ویڈیو میں لطیفہ نے اپنے خاندان کا تعارف کرایا، جس میں والد "محمد”، والدہ "سلامہ” اور بھائی "راشد” شامل ہیں۔
یہ خاندان مقامی اقدار سے متاثرہ پہلا اماراتی ڈیجیٹل ماڈل ہے جو مختلف طبقوں سے جڑنے اور کئی زبانوں میں بات چیت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ اقدام ڈیجیٹل دبئی کے مشن کا حصہ ہے جس کا مقصد جدید میڈیا ٹولز کے ذریعے سمارٹ کمیونیکیشن کو فروغ دینا اور عوام میں حکومتی ڈیجیٹل سروسز کے حوالے سے بامعنی اور آسان آگاہی فراہم کرنا ہے۔







