
خلیج اردو
دبئی: دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ڈی ایکس بی) پر سیکورٹی چیکنگ کا نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت مسافروں کو 2026 کے آخر تک اپنے بیگز سے لیپ ٹاپ یا مائعات نکالنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ سہولت جدید سکینرز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی کے ذریعے ممکن ہوگی۔
دبئی ایئرپورٹس کے سینئر نائب صدر برائے ٹرمینل آپریشنز عیسیٰ الشامسی کے مطابق نیا سسٹم مسافروں کے سفر کو مزید آسان، تیز اور دباؤ سے آزاد بنا دے گا کیونکہ انہیں کچھ بھی بیگ سے نکالنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
مئی 2025 میں دبئی ایوی ایشن انجینئرنگ پروجیکٹس نے اس مقصد کیلئے اسمتھز ڈٹیکشن کو معاہدہ دیا تھا جس کے تحت تینوں ٹرمینلز میں جدید اسکریننگ ٹیکنالوجی نصب کی جائے گی۔ یہ نظام ہائی ریزولوشن تھری ڈی امیجنگ فراہم کرے گا جس سے بیگ کھولے بغیر الیکٹرانکس اور مائعات کو اسکین کیا جا سکے گا۔
اس اقدام سے دبئی ایئرپورٹ پر پروسیسنگ ٹائم میں نمایاں کمی اور مسافروں کیلئے آسانی پیدا ہوگی۔ دبئی ایئرپورٹس کے مطابق سال 2025 کی پہلی ششماہی میں 4 کروڑ 60 لاکھ مسافروں نے ایئرپورٹ استعمال کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.3 فیصد زیادہ ہے۔ اپریل 2025 تاریخ کا مصروف ترین اپریل رہا جب 80 لاکھ سے زائد افراد نے ایئرپورٹ کا رخ کیا۔
دبئی ایئرپورٹس اس وقت ٹرمینل تھری میں نئی اسکریننگ ٹیکنالوجی کا تجربہ کر رہا ہے جو صرف امارات ایئرلائن استعمال کرتی ہے۔ یہ منصوبہ 140 مشینوں کی تبدیلی پر مشتمل ہے جس کیلئے انفراسٹرکچر میں بڑی تبدیلیاں درکار ہیں۔
Faster Dubai Airport checks: No more removing laptops, liquids by end of 2026







