
خلیج اردو
دبئی کے مختلف علاقوں میں بدھ کے روز موسلا دھار بارش کے ساتھ اولے اور بجلی کڑکنے کے واقعات پیش آئے جس کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہوا۔
حتا کی سمت آنے والے مناظر میں دیکھا گیا کہ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی بہنے لگا جبکہ موٹر سواروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی کے مطابق اس وقت ملک پر جنوبی حصے سے سطحی اور بالائی دباؤ کے نظام کے اثرات موجود ہیں جبکہ انٹر ٹراپیکل کنورجنس زون (ITCZ) بھی شمال کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے باعث عرب سمندر اور بحیرہ عمان سے مرطوب ہوا ملک میں داخل ہو رہی ہے۔
اسٹورم سینٹر کی جانب سے جاری فوٹیجز میں دبئی کے مرغم علاقے میں اولے گرنے، بجلی چمکنے اور شدید بارش کے مناظر دیکھے گئے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو انتباہی پیغامات جاری کرتے ہوئے اورنج اور یلو الرٹ دیا ہے اور بیرونی سرگرمیوں کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ شام 8 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں گرد و غبار اور ریت کے طوفان کے ساتھ حد نگاہ مزید متاثر کر سکتی ہیں، خاص طور پر مشرقی علاقوں میں۔
آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46.5 ڈگری سینٹی گریڈ سویحان (العین) میں ریکارڈ کیا گیا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 22.9 ڈگری سینٹی گریڈ رکناہ (العین) میں صبح ساڑھے پانچ بجے ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ 5 ستمبر تک مشرقی اور جنوبی علاقوں میں بارش کا امکان رہے گا جو اندرونی حصوں تک بھی پھیل سکتی ہے۔ اس دوران مختلف شدت کی بارش کے ساتھ بجلی کڑکنے، گرج چمک اور کہیں کہیں اولے گرنے کا بھی خدشہ ہے۔







