
خلیج اردو
لاہور: پاکستان کے بلے باز حیدر علی کو برطانیہ میں ریپ کے الزامات سے بری قرار دے دیا گیا ہے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد شواہد ناکافی ہونے پر مقدمہ بند کر دیا۔ کراؤن پراسیکیوشن سروس نے بھی اس کیس کو باضابطہ طور پر بند کر دیا ہے، جس کے بعد 24 سالہ کھلاڑی نے سکون کا سانس لیا۔
گزشتہ ماہ ایک برطانوی نژاد پاکستانی خاتون نے حیدر علی پر مانچسٹر کے ایک ہوٹل میں زیادتی کا الزام عائد کیا تھا، جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کیا تھا۔ تاہم کیس بند ہونے کے بعد حیدر علی نے پولیس سے اپنا پاسپورٹ واپس لے لیا ہے اور اب وہ برطانیہ سے باہر سفر کرنے کے لیے آزاد ہیں۔
تفتیش کے دوران حیدر علی نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ وہ خاتون کو ذاتی طور پر جانتے ہیں اور انہیں دوست سمجھتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ الزامات ان کے لیے حیران کن اور تکلیف دہ ہیں۔
یاد رہے کہ انہیں 8 اگست کو ضمانت ملی تھی جب تک کہ مزید تحقیقات جاری رہیں۔ اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں عارضی طور پر معطل کر دیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ برطانوی عدالتی نظام کا احترام کرتا ہے اور کیس کے فیصلے کے بعد ہی مزید قدم اٹھائے گا۔
Cricketer Haider Ali cleared of rape charges







