
خلیج اردو
دبئی: دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ڈی ایکس بی) پر مسافروں کے لیے سہولت کا نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے جہاں 2026 کے آخر تک سیکیورٹی چیک کے دوران لیپ ٹاپ اور مائعات بیگ سے نکالنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس منصوبے کے تحت ایئرپورٹ پر جدید اسکینرز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی نصب کی جا رہی ہے، جس سے سفر زیادہ تیز، آسان اور دباؤ سے پاک ہوگا۔
دبئی ایوی ایشن انجینئرنگ پروجیکٹس نے مئی 2025 میں اس مقصد کے لیے اسمِتھز ڈٹیکشن کمپنی کو جدید چیک پوائنٹ سسٹمز کی تنصیب کا کنٹریکٹ دیا۔ یہ جدید اسکینرز ہائی ریزولوشن تھری ڈی امیجنگ فراہم کرتے ہیں، جس کی بدولت مسافروں کو اپنے بیگز سے الیکٹرانکس اور 100 ملی لیٹر سے زائد مائعات نکالنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
دبئی ایئرپورٹس کے سینئر نائب صدر برائے ٹرمینل آپریشنز، عیسیٰ الشامسی کے مطابق، یہ اقدام نہ صرف سیکیورٹی بہتر بنائے گا بلکہ پروسیسنگ ٹائم کو نمایاں طور پر کم کرے گا اور مسافروں کے لیے سہولت میں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 140 پرانے اسکیننگ مشینز کو بدلنے کا یہ بڑا منصوبہ انفراسٹرکچر میں تبدیلی کا متقاضی ہے، اسی لیے اس کی تکمیل میں وقت لگے گا۔
دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ صرف 2025 کی پہلی ششماہی میں ڈی ایکس بی نے 4 کروڑ 60 لاکھ مسافروں کو خدمات فراہم کیں، جو کہ اس کی تاریخ کا مصروف ترین پہلا نصف سال ہے۔ دوسری سہ ماہی میں 2 کروڑ 25 لاکھ سے زائد مسافر ایئرپورٹ سے گزرے، جبکہ اپریل 2025 کو اب تک کا سب سے مصروف اپریل قرار دیا گیا۔
فی الحال یہ نئی ٹیکنالوجی ٹرمینل تھری میں آزمائشی طور پر استعمال ہو رہی ہے، جو کہ صرف امارات ایئرلائن کے لیے مختص ہے۔ دبئی ایئرپورٹس مستقبل میں اے آئی پر مبنی مزید نظام متعارف کرانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے تاکہ طیاروں کے ٹرن اراؤنڈ ٹائم کو کم کرکے آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔







