متحدہ عرب امارات

افغانستان میں ایک اور ہولناک زلزلہ، 2200 ہلاکتوں کے بعد مزید دو جھٹکے

خلیج اردو
کابل: افغانستان کے مشرقی حصے میں چار روز کے دوران آنے والے تباہ کن زلزلوں کے بعد مزید دو طاقتور آفٹر شاکس نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز کے مطابق جمعے کے روز 12 گھنٹوں کے دوران دو آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے جنہوں نے اموات اور تباہی کے خدشات کو مزید بڑھا دیا۔

طالبان انتظامیہ کے مطابق اب تک 2205 افراد جاں بحق اور 3640 زخمی ہو چکے ہیں۔ زلزلے سے سب سے زیادہ صوبہ ننگرہار اور کنڑ متاثر ہوئے جہاں ہزاروں مکانات منہدم ہو گئے۔

جمعے کے روز آنے والا 5.4 شدت کا زلزلہ جنوب مشرقی علاقے میں 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا جبکہ اس سے چند گھنٹے قبل جمعرات کی رات بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ہفتے کے آغاز میں آنے والا 6 شدت کا زلزلہ حالیہ برسوں کا سب سے مہلک ثابت ہوا جس نے ننگرہار اور کنڑ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

منگل کو آنے والے 5.5 شدت کے جھٹکے نے ریسکیو سرگرمیوں کو متاثر کیا اور پہاڑوں سے پتھر کھسکنے سے کئی دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ زیادہ تر مکانات مٹی، پتھروں اور لکڑی سے تعمیر ہونے کے باعث زمین بوس ہو گئے جس کے بعد کئی خاندان احتیاطاً کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔

صوبہ ننگرہار کے محکمہ صحت کے ترجمان نقیب اللہ رحیمی نے بتایا کہ جمعرات کے زلزلے کا مرکز ضلع شیوا تھا جو پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے اور ابتدائی طور پر نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

گزشتہ دنوں آنے والے زلزلوں میں 6700 سے زائد مکانات تباہ ہو چکے ہیں اور ریسکیو اہلکار اب بھی ملبے تلے سے لاشیں نکال رہے ہیں۔ متاثرہ علاقے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ اقوام متحدہ اور دیگر اداروں نے خوراک، ادویات اور پناہ گاہوں کی شدید ضرورت پر زور دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button