
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات میں اونم کے موقع پر بھارتی ریستورانوں نے خصوصی تیاریاں کر لی ہیں۔ کیرالہ ریاست کا یہ فصلوں کا تہوار جمعہ کو منایا جا رہا ہے اور اس دوران ہزاروں افراد کے ریستورانوں کا رخ کرنے کی توقع ہے۔ کئی ریستورانوں نے 24 گھنٹے پہلے ہی تیاریاں شروع کر دی ہیں تاکہ ممکنہ ہجوم کو سنبھالا جا سکے۔
اونم کا سب سے اہم حصہ اوناسادیہ (اونم ضیافت) ہے جو کیلے کے پتے پر 30 سے زائد اقسام کے سبزی خور کھانوں کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔ دبئی سمیت یو اے ای کے معروف ریستوران "کالی کٹ نوٹ بک” نے اعلان کیا ہے کہ وہ صرف جمعے کے روز 25 ہزار اوناسادیہ پیش کرے گا۔ ریستوران کے منیجنگ ڈائریکٹر ستییش کمار کے مطابق اونم کے دوران عام مینو بند کر کے صرف سادھیا پر توجہ دی جاتی ہے، اور اس سال زیادہ رش کی توقع ہے کیونکہ یہ طویل ویک اینڈ اور تعطیل کا دن ہے۔
کالی کٹ نوٹ بک ریستوران پورے سیزن میں ایک لاکھ سے زائد اوناسادیہ فروخت کرنے کی توقع رکھتا ہے۔ دبئی میں اونم سیزن پورا مہینہ جاری رہتا ہے اور بکنگز پہلے ہی بڑی تعداد میں ہو چکی ہیں۔
کراما کے "للّما” ریستوران میں بھی رش متوقع ہے، جہاں اس ویک اینڈ پر 5 ہزار سے زائد سادھیا پیش کیے جائیں گے۔ ریستوران کے شریک بانی انیس فرید کے مطابق صرف جمعے کو ہی ہزاروں افراد کی آمد متوقع ہے اور پہلے سے بکنگ والے گاہکوں کو کم از کم 30 منٹ جبکہ واک ان کسٹمرز کو ایک گھنٹے تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
سلکان اویسس میں واقع "پیپر لین” ریستوران نے بکنگ لینے سے انکار کر دیا ہے اور وہ پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر کھانا پیش کرے گا۔ ریستوران کی مالک نتاشا فاروق کے مطابق بکنگ میں اکثر لوگ تاخیر کرتے ہیں یا آتے ہی نہیں، اس لیے یہ نظام زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا عملہ 12 گھنٹے سے زائد محنت کر کے تیاریاں مکمل کرتا ہے اور صرف جمعے کو 600 سے زائد سادھیا فروخت ہونے کی توقع ہے۔






