متحدہ عرب امارات

اے پی ڈھلوں دبئی پہنچ گئے، کوکا کولا ایرینا میں شاندار شو کی تیاریاں، پنجابی موسیقی کو عالمی سطح پر لے جانے کا عزم

خلیج اردو
دبئی: پنجابی نژاد کینیڈین گلوکار اے پی ڈھلوں دبئی میں اپنی انتہائی متوقع کنسرٹ کے لیے پہنچ گئے، جو اتوار 7 ستمبر کو کوکا کولا ایرینا میں منعقد ہوگا۔ دبئی آمد کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شہر کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا اور کہا کہ دبئی کا متنوع سامعین انہیں بار بار واپس لے آتا ہے۔

ڈھلوں نے کہا کہ یہ ان کا دبئی میں پانچواں شو ہے اور ہر بار نیا تجربہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار سامعین کو نئی دھنوں، ان ریلیزڈ ٹریکس اور غیر معمولی اسٹیج سیٹ اپ کا سامنا ہوگا۔ ان کے مطابق دبئی کے شائقین نے ہی انہیں نئے فارمیٹ آزمانے اور موسیقی میں تجربات کرنے کی ہمت دی۔

اپنی تخلیقی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے اے پی ڈھلوں نے بتایا کہ ان کا مشہور گانا "براون منڈے” ایک عام کچن کے ماحول میں تخلیق ہوا۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں کے لیے ایک پیغام دیا کہ محنت اور خوداعتمادی سے کچھ بھی ممکن ہے۔

انہوں نے پنجاب میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دبئی کے بعد وہ پنجاب جائیں گے تاکہ اپنی مدد فراہم کر سکیں۔

ڈھلوں نے مزید بتایا کہ وہ صرف ہپ ہاپ اور پنجابی بیٹس تک محدود نہیں رہنا چاہتے بلکہ اب وہ راک اور کنٹری میوزک پر بھی تجربات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد پنجابی موسیقی کو عالمی سطح پر اس مقام پر پہنچانا ہے جہاں آج لاطینی موسیقی ہے۔

ٹیکنالوجی اور اے آئی کے حوالے سے سوال پر ڈھلوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے ان جیسے آزاد فنکاروں کو ابھرنے کا موقع دیا، مگر انسانی جذبات اور خامیوں کو کوئی مشین نہیں بدل سکتی۔

اتوار کے شو میں شائقین کے لیے ہائی انرجی پرفارمنس اور ان ریلیزڈ ٹریکس کا وعدہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دبئی ہمیشہ انہیں زیادہ دیر اسٹیج پر رکھتا ہے کیونکہ یہاں کے سامعین کی توانائی بے مثال ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button