متحدہ عرب امارات

غزہ کی مشہور آئسکریم ’’کاظم‘‘ نے جنگ کے بعد پہلی شاخ یو اے ای میں کھول لی

خلیج اردو
عجمان: غزہ کی مشہور فلسطینی آئسکریم پارلر ’’کاظم‘‘، جو 2023 میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے باعث بند ہوگئی تھی، نے متحدہ عرب امارات میں اپنی پہلی شاخ کھول لی ہے۔ اس پارلر نے نہ صرف آئسکریم بلکہ اپنی مشہور ڈرنک ’’برّد‘‘ کے ذریعے بھی فلسطین کی یادوں کو زندہ کردیا ہے۔

عجمان، جو دبئی سے تقریباً 45 کلومیٹر شمال میں واقع ہے، میں کھولی گئی اس شاخ میں فلسطینی کمیونٹی بڑی تعداد میں موجود ہے۔ کاظم کے مالک محمد کاظم ابو شعبان کا کہنا ہے کہ انہوں نے عجمان کا انتخاب مقامی فلسطینی برادری کے باعث کیا۔

ابو شعبان نے بتایا کہ ’’جب لوگ یہاں آتے ہیں تو کہتے ہیں کہ یہ 30، 40 سال پرانی یادیں واپس لے آتا ہے۔ جب وہ غزہ جایا کرتے تھے اور وہی برّد پیتے تھے جس کی میں وجہ شہرت ہوں۔‘‘

کاظم نے شمالی غزہ میں 1950 میں اپنی شروعات کی اور 70 سال سے زائد عرصہ تک مقامی روایت کا حصہ رہا۔ اگرچہ غزہ میں یہ جگہ رواں سال فروری میں دوبارہ کھولی گئی تھی لیکن مسلسل عدم استحکام اور سامان کی قلت کے باعث اسے چلانا ممکن نہ رہا۔

ابو شعبان کے مطابق یو اے ای میں شاخ کھولنا فلسطینی ورثے کو اپنے وطن سے دور محفوظ رکھنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دبئی اور ابوظہبی میں بھی مزید شاخیں کھولی جائیں گی۔

دبئی کے رہائشی محمد خمیس علی المزروعی نے کاظم کی آئسکریم اور برّد کو چکھنے کے بعد کہا کہ ’’واقعی یہ خاص چیز ہے۔‘‘

محمد کاظم ابو شعبان، جنہوں نے جنگ میں اپنے بھائی اور بھتیجی کو کھو دیا، کے لیے یہ آئسکریم صرف میٹھا نہیں بلکہ غزہ کی یادوں کو زندہ رکھنے کا ایک ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ ناقابل بیان احساس ہے جب آپ کے خاندان اور دوست آتے ہیں اور وہ یادیں تازہ ہو جاتی ہیں جو ہم نے غزہ میں کھو دیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button