متحدہ عرب امارات

ڈزنی نے تصدیق کر دی: ابوظبی میں بننے والا قلعہ سمندر پر ہوگا اور دنیا میں اپنی نوعیت کا منفرد ہوگا

خلیج اردو
ابوظبی: ڈزنی کی تاریخ میں پہلی بار پانی کو کسی علامتی ڈزنی قلعے کے ڈیزائن کا حصہ بنایا جا رہا ہے، اور یہ منفرد قلعہ ابوظبی میں تعمیر ہوگا۔ یہ انکشاف ڈزنی کے یوٹیوب سیریز "وی کال اِٹ امیجینئرنگ” کی تازہ قسط میں کیا گیا، جہاں والٹ ڈزنی امیجینئرنگ کے سینئر عہدیداران نے ڈزنی لینڈ ابوظبی کے تخلیقی وژن پر بات کی۔

سینئر نائب صدر گلوبل کری ایٹو اسٹریٹیجی زیک رِڈلی نے کہا کہ ابوظبی چونکہ سمندر کے کنارے واقع شہر ہے، اس لیے پہلی مرتبہ قلعے کے ڈیزائن میں پانی کو شامل کرنے پر ہم بے حد پرجوش ہیں۔

گلوبل کری ایٹو شو ڈیزائن کی سینئر نائب صدر علی روبن اسٹیئن نے بتایا کہ یہ منصوبہ محض نقل نہیں بلکہ ایک بالکل نئی پہچان ہے۔ ان کے مطابق "پہلی بار ہم اپنے علامتی قلعے کو سمندر پر لا رہے ہیں، جو دنیا کے کسی بھی موجودہ قلعے کی نقل نہیں بلکہ قدرتی عناصر جیسے پانی سے متاثر ہے، اور اس میں ہماری شہزادیوں موانا، ایلسا اور اینا کی جھلک بھی شامل ہوگی۔”

ڈزنی نے گذشتہ سال شمالی یاس آئی لینڈ پر میرال کے ساتھ شراکت میں ڈزنی لینڈ ابوظبی قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ یہ مشرق وسطیٰ میں پہلا ڈزنی برانڈڈ تھیم پارک ہوگا جس میں متعدد تھیمڈ لینڈز اور یہ منفرد قلعہ شامل ہوگا۔

ڈزنی حکام کا کہنا ہے کہ پانی پر مبنی یہ شاندار قلعہ ڈزنی پارکس کی تاریخ میں ایک نمایاں مرکز کے طور پر ابھرے گا اور اسے دنیا بھر کے دیگر پارکس سے منفرد بنائے گا۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button