
خلیج اردو
دبئی: بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور مشہور بزنس مین سنجے کپور کی اچانک موت کے بعد ان کی 300 ارب روپے مالیت کی جائیداد پر وراثتی جنگ چھڑ گئی ہے۔ معاملے میں کرشمہ کپور خود دور نظر آ رہی ہیں مگر ان کے دونوں بچے، سمیرا اور کیان، دہلی ہائیکورٹ پہنچ گئے ہیں اور الزام لگایا ہے کہ ان کی سوتیلی ماں پریا سچدیونے ان کے والد کی وصیت میں جعلسازی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سنجے کپور، جو ایک بڑے بزنس گروپ اور آر کے فیملی ٹرسٹ کے واحد وارث تھے، چند ہفتے قبل ونڈسر کے پولو گراؤنڈ میں اچانک ایک شہد کی مکھی کے ڈنک کے باعث انتقال کر گئے۔ تاہم ان کی موت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں اور ان کی والدہ رانی کپور نے برطانیہ میں باضابطہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرشمہ کپور خود اس تنازع سے الگ ہیں، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کے بچے اکیلے اتنا بڑا قانونی قدم نہیں اٹھا سکتے، لہٰذا پس منظر میں ان کا کردار اہم سمجھا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ کرشمہ اور سنجے کی شادی 2016 میں تلخ الزامات اور بچوں کی تحویل کے جھگڑوں کے بعد طلاق پر ختم ہوئی تھی۔
اب سنجے کی دوسری اہلیہ پریا سچدیوی، جو ایک وقت میں نیویارک کی مشہور سوشیالائٹ رہی ہیں، اس جنگ میں مرکزی فریق بن گئی ہیں۔ وہ اس وقت کمپنی کے بورڈ میں بطور نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر شامل ہیں جبکہ ان کا چھ سالہ بیٹا بھی جائیداد میں حصہ دار ہے۔
سنجے کپور کے وراثتی جھگڑے نے نہ صرف خاندانی بلکہ کارپوریٹ سطح پر بھی ہلچل پیدا کر دی ہے، کیونکہ ان کا آر کے فیملی ٹرسٹ معروف آٹو پارٹس کمپنی سونا کامسٹر پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے، جس کی مالیت 310 ارب روپے بتائی جاتی ہے۔
یہ معاملہ ایک خاندانی تنازع سے بڑھ کر اب ایک بڑے کارپوریٹ ڈرامے کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس میں نہ صرف وراثت بلکہ طاقت اور اثر و رسوخ کی جنگ بھی شامل ہے۔







