متحدہ عرب امارات

دبئی: ڈلیوری اسٹائل منشیات نیٹ ورک چلانے والے شخص کو عمر قید کی سزا

خلیج اردو
دبئی: دبئی کی فسٹ انسٹینس کورٹ نے ایک 35 سالہ ایشیائی شہری کو ڈلیوری اسٹائل منشیات کی تقسیم کا نیٹ ورک چلانے پر عمر قید کی سزا سنادی ہے۔ عدالت نے ضبط شدہ تمام منشیات بحق سرکار ضبط کرنے، سخت مالی پابندیاں عائد کرنے اور سزا مکمل ہونے کے بعد مجرم کو ملک بدر کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق مجرم پر ذاتی طور پر یا کسی اور کے ذریعے رقوم کی منتقلی یا ڈپازٹ کرنے پر بھی پابندی ہوگی، جو صرف یو اے ای سینٹرل بینک اور وزارت داخلہ کی پیشگی اجازت سے ہی ممکن ہوگا۔

کیس ریکارڈ کے مطابق کارروائی اس وقت شروع ہوئی جب دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف اینٹی نارکوٹکس کو اطلاع ملی کہ ملزم اے۔ایم۔جی۔ منشیات کے صارفین میں کرسٹل میتھ فروخت کررہا ہے اور خود بھی اس کا استعمال کرتا ہے۔ نگرانی کے بعد پولیس نے ابو حیل کے علاقے میں اس پر چھاپہ مارا جہاں سے اس کے قبضے سے کرسٹل میتھ کے نو پیکٹ برآمد ہوئے۔

بعدازاں اس کے گھر کی تلاشی میں ایک جوتوں کے ڈبے سے ہیروئن، حشیش اور کرسٹل میتھ کی مزید مقدار، ایک پریسژن اسکیل، چاقو اور دیگر آلات برآمد ہوئے جو منشیات کی تیاری اور تقسیم کے لیے استعمال ہوتے تھے۔

تفتیش کے دوران ملزم نے اقرار کیا کہ وہ منشیات مختلف مقامات پر رکھ کر ان کی تصاویر اور کوآرڈینیٹس ایک ہم وطن کو بھیجتا تھا، جو کسی دوسرے ملک میں موجود تھا، اور ہر ڈلیوری پوائنٹ کے بدلے اسے 30 درہم ملتے تھے۔ فرانزک رپورٹ میں بھی ثابت ہوا کہ وہ خود منشیات استعمال کرتا ہے۔

تمام شواہد کی بنیاد پر عدالت نے اسے قصوروار ٹھہراتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی، جسے بعدازاں کورٹ آف اپیل نے بھی برقرار رکھا۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button