متحدہ عرب امارات

دبئی میں کرایہ داروں کے لیے خوشخبری: ایک ماہ کا مفت کرایہ اور پرکشش آفرز

خلیج اردو
دبئی — 16 ستمبر 2025
دبئی میں نئی رہائشی عمارتوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی سپلائی اور کرایہ داروں کی بڑھتی ہوئی ترجیحات نے کرایہ داروں کے حق میں نیا رجحان پیدا کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اب مالکان زیادہ لچک دکھا رہے ہیں اور کرایہ داروں کو متوجہ کرنے کے لیے ایک ماہ کا مفت کرایہ، متعدد اقساط میں ادائیگی، کمیشن کی فیس معاف کرنے اور یوٹیلیٹی بلز شامل کرنے جیسی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

عالمی رئیل اسٹیٹ کنسلٹنسی سی بی آر ای نے اپنی دوسری سہ ماہی کی رپورٹ میں کہا کہ مالکان اور کرایہ داروں کی توقعات میں وقتی فرق نے مارکیٹ میں کچھ یونٹس کو طویل عرصے تک خالی رکھا، لیکن اس صورتحال نے کرایہ داروں کے لیے زیادہ سازگار ماحول پیدا کیا ہے۔

سی بی آر ای کے مطابق نئے رہائشی منصوبوں کے آغاز سے سپلائی بڑھ رہی ہے، جس کے باعث کرایوں میں اعتدال کا امکان ہے اور رہائشیوں کے لیے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ اگست 2025 میں صرف 38 نئے منصوبے لانچ ہوئے جن سے تقریباً 8 ہزار یونٹس مارکیٹ میں آئے جبکہ 35 مزید منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔ جولائی میں 50 سے زائد نئے پروجیکٹس متعارف کرائے گئے جن میں 13 ہزار 800 یونٹس شامل تھے، جن کی متوقع مجموعی قیمت 38 ارب درہم بتائی گئی۔

پراپرٹی مانیٹر کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی سات ماہ میں دبئی میں 93 ہزار کے قریب نئے یونٹس لانچ کیے گئے جن کی ممکنہ سیلز ویلیو 270 ارب درہم رہی۔ اس بڑی سپلائی کے بعد خریداروں کا رویہ مزید محتاط ہو گیا ہے اور جذب (absorption) کی رفتار سست روی کا شکار ہے۔

چار سالہ تیز رفتار اضافے کے بعد اب مارکیٹ میں اعتدال آ رہا ہے۔ اگست میں اپارٹمنٹس کے کرایے میں ایک فیصد اور ولاز میں دو فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ ہوا، جو ماضی کی ڈبل ڈیجٹ گروتھ سے کم ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کئی عمارتوں کے مالکان اپنی پراپرٹیز کو اپ گریڈ اور فرنش کر رہے ہیں تاکہ زیادہ کرایہ حاصل کر سکیں اور ان کرایہ داروں کو متوجہ کر سکیں جو جدید اور سہولت یافتہ رہائش کے خواہاں ہیں۔

ماہرین کے مطابق جیسے جیسے مارکیٹ مزید متوازن ہو رہی ہے، کرایوں میں اضافہ صرف نئے آنے والے رہائشیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ موجودہ رہائشیوں کے اندرونی تبادلوں (relocations) کی بدولت بھی ہو رہا ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button