
خلیج اردو
دبئی: پیر کے روز دبئی کی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور قیمتی دھات دوبارہ فی اونس 3 ہزار 700 ڈالر کی ریکارڈ سطح کے قریب جا پہنچی۔
صبح 9 بجے اماراتی وقت کے مطابق 24 قیراط اور 22 قیراط سونا بالترتیب فی گرام 444.75 درہم اور 412 درہم پر کھلا جو کہ 0.75 درہم زیادہ ہے۔ اسی طرح 21 قیراط اور 18 قیراط سونا بھی بڑھ کر بالترتیب 394.75 درہم اور 338.5 درہم فی گرام پر ٹریڈ ہوا۔
دبئی اور امارات میں بلند قیمتوں کے باعث سونے کے زیورات کی فروخت پر نمایاں اثر پڑا ہے، کچھ ریٹیلرز کے مطابق سیلز اور گاہکی میں 40 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس وقت عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ 0.31 فیصد اضافے کے ساتھ فی اونس 3 ہزار 697.16 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا ہے اور سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ پالیسی کے اشاروں کے منتظر ہیں۔
گزشتہ ہفتے فیڈ کی جانب سے شرح سود میں 0.25 بیسس پوائنٹ کمی کے بعد سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھنے کو ملی، جو مرکزی بینکوں کی خریداری اور دنیا بھر میں جغرافیائی کشیدگی کے باعث مزید بڑھ گئی۔ اس دوران سونا پہلی بار 3 ہزار 700 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح بھی عبور کر گیا۔
ایکس ایس ڈاٹ کام کے تجزیہ کار لنہ تران کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور یوکرین میں جاری جنگ نے سرمایہ کاروں کو کرپٹو کے بجائے سونے کی طرف راغب کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بٹ کوائن کو بطور "ڈیجیٹل گولڈ” دیکھنے کا رجحان بڑھ رہا ہے کیونکہ بڑی مالیاتی ادارے اسے متنوع سرمایہ کاری پورٹ فولیو کے ایک متبادل اثاثے کے طور پر تسلیم کر رہے ہیں۔







