متحدہ عرب امارات

دبئی کے البرشاء میں رہائشی عمارت میں آگ، متعدد منزلیں لپیٹ میں آ گئیں

خلیج اردو
دبئی: منگل کی دوپہر تقریباً 2 بجے البرشاء کے علاقے میں واقع صالح بن لاحج بلڈنگ میں آگ بھڑک اٹھی، جو مال آف دی امارات کی پارکنگ سے چند میٹر کے فاصلے پر ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق عمارت کی بالائی منزلوں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

علاقے کی رہائشی میرا، جو فلپائنی نژاد ہیں، نے خلیج ٹائمز کو بتایا: ’’میں دوپہر کا کھانا کھا رہی تھی کہ اچانک کئی فائر ٹرکوں کی آواز سنی۔ باہر جا کر دیکھا تو عمارت کی اوپری منزل پر آگ بھڑک رہی تھی۔‘‘

یہ عمارت اسی رہائشی بلاک کے قریب ہے جہاں گزشتہ سال 30 دسمبر کو آگ لگی تھی۔ متاثرہ عمارت بی ون مال کے قریب اور مال آف دی امارات کے عقب میں واقع ہے۔

ذرائع کے مطابق شام 4 بجے تک کولنگ آپریشن جاری تھا تاکہ عمارت کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ اس علاقے میں چار ماہ قبل بھی ایک بڑا سانحہ پیش آیا تھا جب 13 مئی کو حلیم اسٹریٹ پر واقع 13 منزلہ الزرعونی بلڈنگ میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی۔ اس عمارت کی گراؤنڈ فلور پر پرل ویو ریسٹورنٹ اور کیفے ٹیریا موجود تھا جہاں سے دھماکہ ہوا تھا۔

تاحال الزرعونی بلڈنگ اور اردگرد کے کئی ریسٹورنٹس بند ہیں، جبکہ کچھ رہائشی قریبی عمارتوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button