
خلیج اردو
دبئی: دبئی ایئرپورٹ پر منگل، 23 ستمبر کو مسافروں کا استقبال سعودی عرب کے 95ویں یومِ الوطنی کے موقع پر خصوصی پاسپورٹ اسٹیمپ کے ساتھ کیا گیا۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) دبئی نے اس دن کی مناسبت سے یادگاری اسٹیمپ متعارف کرایا جس پر سعودی نیشنل ڈے کا سرکاری لوگو اور جملہ "متحدہ عرب امارات-سعودی عرب، ہمیشہ ساتھ” درج تھا، جو دونوں برادر ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے۔
دبئی میڈیا آفس نے اس یادگار اسٹیمپ کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ اس سے قبل رواں سال GDRFA نے عیدالاضحی کے موقع پر بھی دبئی ایئرپورٹس اور حتا بارڈر کراسنگ کے ذریعے آنے والے مسافروں کا استقبال ایک خصوصی اسٹیمپ "Eid in Dubai” سے کیا تھا۔
سعودی نیشنل ڈے کے موقع پر خصوصی تقریبات ابوظبی کے یاس آئی لینڈ اور زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی منعقد ہوئیں، جہاں سعودی مسافروں کو پرجوش انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ آمد کے لاؤنج میں وارنر برادرز ورلڈ کے مشہور کردار ٹام اینڈ جیری نے پہلے سعودی پرواز سے پہنچنے والے مسافروں سے ملاقات کی، جبکہ خواتین مسافروں کو تحفے میں خوبصورت پیک شدہ گفٹس بھی دیے گئے۔
یومِ الوطنی کی مناسبت سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم اور دیگر حکمرانوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد کے پیغامات بھیجے۔






