متحدہ عرب امارات

البرشا دبئی: آگ سے متاثرہ عمارت میں کچھ رہائشیوں کو واپسی کی اجازت

خلیج اردو
دبئی کے علاقے البرشا میں صالح بن لاحج بلڈنگ میں منگل کی دوپہر لگنے والی خوفناک آگ کے بعد بدھ کے روز کچھ رہائشیوں کو عمارت میں واپس جا کر ضروری سامان نکالنے کی اجازت دی گئی۔ عمارت کے اطراف میں پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بدستور موجود رہیں جبکہ داخلی راستوں کو سیل کر دیا گیا تھا اور موبائل شاپ سمیت تمام دکانیں بند رہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق کئی رہائشی سوٹ کیس اور بیگ میں ضروری اشیاء لے کر عمارت سے باہر آتے دکھائی دیے۔ محمد نامی ایک مقامی کارکن نے بتایا کہ صبح سے لوگ ٹیکسیوں میں آ کر سامان پیک کر کے واپس جا رہے ہیں اور ان کے چہروں پر شدید پریشانی نمایاں ہے۔

واقعے کے وقت دوپہر کے باعث زیادہ تر فلیٹس خالی تھے جس سے بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ دبئی سول ڈیفنس نے 15 منزلہ عمارت کی آگ بجھانے کے بعد جدید "شاہین ڈرونز” کی مدد سے کولنگ آپریشن کیا۔

بھارتی نژاد خاتون سمن اپنے شوہر کے ہمراہ امدادی جذبے کے تحت متاثرہ عمارت کے قریب موجود تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بھی چند برس قبل ایک اور رہائشی عمارت میں آگ لگنے کے بعد مشکلات سے دوچار ہوئے تھے، اسی لیے انہوں نے یہاں موجود لوگوں کی مدد کا ارادہ کیا۔

آن لائن رپورٹس کے مطابق یہ عمارت ایک اور دو بیڈروم اپارٹمنٹس پر مشتمل تھی جس میں جم اور سوئمنگ پول جیسی سہولیات بھی موجود تھیں۔ مال آف دی امارات کے عقب میں واقع اس عمارت کا کرایہ 60 ہزار سے 1 لاکھ 5 ہزار درہم سالانہ کے درمیان تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button