
خلیج اردو
العین میں بدھ 24 ستمبر کو ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو اماراتی بہنیں جاں بحق ہوگئیں۔ جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت ایمان سالم مرہون العلوی اور امیرہ سالم مرہون العلوی کے ناموں سے ہوئی، جن کے بارے میں اطلاع یو اے ای کے جنازہ سروس اکاؤنٹ @Janaza_UAE نے انسٹاگرام پر دی۔
جنازے کی نماز اسی روز عصر کے بعد الشہید عمر المقبلی مسجد ام غافہ میں ادا کی گئی جس کے بعد دونوں بہنوں کو ام غافہ قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
یہ اعلان سب سے پہلے @Janaza_UAE کی جانب سے کیا گیا جو باقاعدگی سے یو اے ای میں جنازوں اور تدفین کے اعلانات کرتا ہے۔
حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ لوگوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ بہنوں پر اپنی رحمت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔
ایک عقیدت بھرے پیغام میں لکھا گیا کہ دونوں بہنیں بھلائی اور اخلاق کی علامت تھیں۔ کام کی جگہ پر ان کی موجودگی روشنی کی مانند تھی۔ مؤکلین سے ان کا برتاؤ خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے مزین تھا جو دلوں کو خوشی دیتا اور پریشانی دور کرتا تھا۔ وہ تعاون اور وفاداری کی مثال سمجھی جاتی تھیں۔






