
خلیج اردو
دبئی: خودکار گاڑیوں کا دور دبئی کی سڑکوں پر حقیقت بننے جا رہا ہے، جہاں نہ صرف محفوظ اور آرام دہ سفر میسر ہوگا بلکہ مسافروں کو مساج جیسی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اور چینی کمپنی بائیڈو کی جانب سے اپالو گو (Apollo Go) سیلف ڈرائیونگ ٹیکسیز اگلے سال متعارف کرائی جائیں گی۔
جمعرات کو دبئی ورلڈ کانگریس برائے سیلف ڈرائیونگ ٹرانسپورٹ کے موقع پر صحافیوں کو جمیرا روڈ پر آزمائشی سفر کا موقع دیا گیا، جہاں ٹیکسی نے 72 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی اور لینز تبدیل کر کے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ فی الحال آزمائشی مرحلے میں حفاظتی ڈرائیور موجود تھا لیکن باضابطہ آپریشن شروع ہونے پر گاڑیاں مکمل طور پر خودکار ہوں گی۔
یہ پہلی بار ہے کہ بائیڈو کی اپالو گو چین سے باہر چلائی جا رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق اگلے تین برس میں متحدہ عرب امارات میں ایک ہزار مکمل خودکار گاڑیاں متعارف کرائی جائیں گی۔ ٹیکسی میں تین مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور پچھلی نشستوں کو مساج چیئرز میں بدل دیا گیا ہے، جہاں مسافر تین درجوں اور مختلف طرز کے مساج کا انتخاب کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اپالو گو ٹیکسی میں جدید سینسرز، کیمرے اور لیول 4 خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی موجود ہے، جس نے چین میں 20 کروڑ کلومیٹر سے زائد محفوظ ڈرائیونگ کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق دبئی کی یہ کوشش 2030 تک 25 فیصد ٹرانسپورٹ کو اسمارٹ اور ڈرائیور لیس بنانے کے ہدف کی جانب اہم پیش رفت ہے۔







