
خلیج اردو
دبئی: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے نئی شرائط متعارف کرا دی ہیں جن کے تحت امارات سے جانے والے عازمین کو ویزا اپلائی کرتے وقت ہی اپنی رہائش اور ٹرانسپورٹ کی بکنگ کرنی ہوگی۔ ٹور ازم آپریٹرز کا کہنا ہے کہ جدہ اور مدینہ ایئرپورٹس پر حکام کی جانب سے سخت چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ زائرین صرف عمرہ ویزا، کنفرم ہوٹل بکنگ اور لائسنس یافتہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ ہی سفر کریں۔
ریہان الجزیرہ ٹورازم کے شہاب پرواد نے بتایا کہ اب ویزا کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ اور رہائش کی پیشگی بکنگ لازمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ مکہ مکرمہ جدہ کے راستے جا رہے ہیں تو سیکیورٹی اہلکار آپ کی بکنگ کی تصدیق کریں گے۔ بصورت دیگر عمرہ ایگریگیٹر کو جرمانے یا سسٹم بلاک کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ اقدامات غیر قانونی ٹیکسی سروسز کے خاتمے اور عازمین کے سفر کو منظم بنانے کیلئے اٹھائے گئے ہیں۔ صرف وہی پری پیڈ ٹیکسیاں یا ہرامین ایکسپریس ہائی اسپیڈ ٹرین قابل قبول ہیں جو سرکاری پورٹل کے ذریعے بک کی گئی ہوں۔
ابو ہیل میں اے ایس اے اے ٹورازم کے قیصر محمود نے بتایا کہ عمرہ ویزا کے وقت ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کی تفصیلات ’مسار‘ سسٹم یا ’نسک ایپ‘ کے ذریعے لازمی درج کرنی ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاحتی ویزے پر عمرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ایسے زائرین کو ریاض الجنہ سمیت مقدس مقامات میں داخلے سے روکا جائے گا۔
عمرہ ویزا کی فیس اس وقت 750 درہم سے شروع ہوتی ہے جبکہ قومیت کے لحاظ سے اس میں فرق ہوتا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ نئی پالیسی سے زائرین کے سفر کو سہل اور منظم بنانے میں مدد ملے گی جبکہ عمرہ آپریٹرز کو مکمل بکنگ کے بغیر زائرین بھیجنے پر مالی جرمانے اور آپریشنل پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔







