
خلیج اردو
ریاض: خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ریلوے منصوبہ دسمبر 2030 تک مکمل ہوگا، جس کے بعد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان، قطر، کویت اور بحرین آپس میں ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے منسلک ہو جائیں گے۔
منصوبے کی مجموعی لمبائی تقریباً 2 ہزار 177 کلومیٹر ہے۔ اس نیٹ ورک کی تکمیل کے بعد شہریوں کے سفر کا وقت کم ہوگا جبکہ خطے میں تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ ابوظبی سے ریاض کا سفر پانچ گھنٹے سے بھی کم وقت میں طے ہوگا۔
ریلوے منصوبہ نہ صرف شہریوں اور رہائشیوں کے لیے آزادانہ نقل و حرکت کو آسان بنائے گا بلکہ رکن ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات اور مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی مددگار ہوگا۔ اس مقصد کے لیے تمام رکن ممالک کو سلامتی، ماحولیاتی اور تکنیکی قواعد و ضوابط ہم آہنگ کرنا ہوں گے جبکہ کسٹمز اور امیگریشن کے مؤثر نظام کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے تاکہ بارڈر پر غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔
اسی دوران متحدہ عرب امارات کا قومی منصوبہ "اتحاد ریل” بھی اگلے سال شروع ہوگا جو ملک کے 11 ریجنز کو جوڑے گا۔ اس منصوبے کے تحت ابوظبی اور دبئی کے درمیان سفر صرف 30 منٹ میں مکمل ہو سکے گا، جبکہ شارجہ کے رہائشیوں کو بھی روزانہ کے طویل ٹریفک جام سے ریلیف ملے گا۔






