
خلیج اردو
ابوظہبی کے شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا ایک نیا آپشن متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت یاس آئی لینڈ کو زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے براہ راست ٹرام سروس کے ذریعے جوڑا جائے گا۔ یہ سفر صرف 20 منٹ میں مکمل ہوگا۔
ابوظہبی ٹرانسپورٹ کمپنی (ADT) کے مطابق "لائن 4 ٹرام” سیاحت اور رہائشی مراکز کو ایئرپورٹ اور مستقبل کے ہائی اسپیڈ ریل حب سے جوڑے گی، جس سے شہریوں کو تیز، قابلِ اعتماد اور آسان سفری سہولت میسر ہوگی اور نجی گاڑیوں پر انحصار کم ہوگا۔
اس ٹرام کو گلوبل ریل ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس میں پیش کیا گیا، جہاں حکام نے بتایا کہ یہ سروس ہر پانچ منٹ بعد دستیاب ہوگی۔ بڑے ایونٹس کے دوران ٹرامیں جڑواں شکل میں چلائی جائیں گی جو ایک وقت میں 600 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ منصوبہ ابوظہبی کے ایک بڑے انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا حصہ ہے، جس میں "اربن لوپ پروجیکٹ” بھی شامل ہے۔ اربن لوپ میں چھوٹے خودکار پوڈ نما گاڑیاں استعمال ہوں گی، جو دو سے دس مسافروں تک کو لے جا سکیں گی۔ ان میں جدید ایئر کنڈیشنگ اور ڈسٹ پروٹیکشن کے انتظامات ہوں گے تاکہ ہر طرح کے موسمی حالات میں آرام دہ سفر ممکن بنایا جا سکے۔
ADT کے سی ای او سعید سالم السویدی نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اب سفر کا تصور صرف ایک اسٹیشن تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ ایک مربوط سفر ہے جو گھروں اور اسکولوں سے کام کی جگہوں اور ثقافتی مقامات تک بلا رکاوٹ پہنچنے کا نام ہے۔ ہمارا مقصد ایک ایسا نظام ہے جس میں مسافر صرف منزل کے بارے میں سوچیں، ذرائع یا منتقلی کے بارے میں نہیں۔
ڈیجیٹل انٹیگریشن کے تحت یکساں ٹکٹنگ، اے آئی پر مبنی ڈیمانڈ مینجمنٹ اور پیشگی پیش گوئی کرنے والے الگورتھمز شامل ہوں گے، جس سے سفر زیادہ مؤثر اور مسافر دوست ہو جائے گا۔ یہ منصوبہ ابوظہبی کے "نیٹ زیرو 2050” اہداف کے مطابق ہے تاکہ ٹریفک اخراج کم ہو اور عوام کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
یہ لائن ابوظہبی کے لائٹ ریل اور ہائی اسپیڈ ٹرانزٹ نیٹ ورک کی پہلی بڑی توسیع ہے، جو شہر کو پائیدار، اسمارٹ اور باہم مربوط شہری ٹرانسپورٹ میں قائدانہ مقام دلانے کے لیے اہم قدم ہے۔







