متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں 9 دن کی تعطیلات، دسمبر میں فضائی کرایوں میں 1200 درہم تک اضافہ متوقع

خلیج اردو
دبئی: اگر آپ دسمبر میں آنے والے تعطیلاتی موسم میں سفر کا ارادہ رکھتے ہیں تو اب ہی فضائی ٹکٹیں بک کرانے کا بہترین وقت ہے، کیونکہ ماہرین کے مطابق چھٹیوں کے قریب آتے ہی ہوائی کرایوں میں 50 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

مسافر ڈاٹ کام کے چیف آپریٹنگ آفیسر راحیش بابو نے خلیج ٹائمز سے گفتگو میں بتایا کہ "جو مسافر ابھی بکنگ کرائیں گے وہ اوسطاً 30 سے 40 فیصد تک بچت کر سکتے ہیں، جبکہ نومبر کے آخر تک انتظار کرنے والوں کے لیے کرائے کہیں زیادہ ہوں گے۔ مثال کے طور پر دبئی سے لندن کا موجودہ ریٹرن کرایہ تقریباً 2800 درہم ہے جو نومبر کے آخر تک بڑھ کر 3800 سے 4200 درہم تک پہنچ سکتا ہے۔ دسمبر جتنا قریب آتا جائے گا، قیمتوں میں اتنا ہی اضافہ ہوگا۔‘‘

اس وقت دبئی سے بین الاقوامی پروازوں کے کرائے نسبتاً معتدل ہیں، تاہم 20 سے 28 دسمبر کے درمیان سفر کے عروج کے دنوں میں کرایوں میں 30 سے 50 فیصد اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کی بڑی وجہ بڑھتی ہوئی طلب، محدود نشستوں کی دستیابی اور ایئر لائنز کی جانب سے موسمِ تعطیلات کے دوران بڑھائی گئی قیمتیں ہیں۔

نو دن کی چھٹی کیسے حاصل کریں؟

یو اے ای کے رہائشی دسمبر میں سال کی آخری عوامی تعطیلات کے دوران ممکنہ طور پر 2 اور 3 دسمبر (منگل اور بدھ) کو یوم اتحاد (عید الاتحاد) منائیں گے۔ اگر کوئی فرد یکم دسمبر (پیر)، 4 دسمبر (جمعرات) اور 5 دسمبر (جمعہ) کو سالانہ چھٹی لے لے تو دونوں ہفتہ وار تعطیلات کو ملا کر کل 9 دن کا وقفہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

دسمبر کے مہینے میں یو اے ای سے بڑی تعداد میں لوگ عید الاتحاد، کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کے دوران بیرون ملک اپنے اہل خانہ یا سیاحتی مقامات کی طرف سفر کرتے ہیں، جس کے باعث ایئرلائنز اور ایئرپورٹس — بالخصوص ایمریٹس، اتحاد ایئرویز اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ — قبل از وقت سفری ہدایات جاری کرتے ہیں۔

ٹکٹ بک کرانے کا بہترین وقت

مسافر ڈاٹ کام کے سی او او کے مطابق بین الاقوامی سفر کے لیے بہترین بکنگ کا وقت عموماً روانگی سے 6 سے 8 ہفتے قبل ہوتا ہے۔ چھٹیوں کے موسم میں طلب میں اضافہ اور محدود نشستوں کے باعث یہ بات مزید اہم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ "ہم پہلے ہی دسمبر کے لیے بڑھتی ہوئی دلچسپی اور کرایوں میں اضافہ دیکھ رہے ہیں، لہٰذا جلدی بکنگ بہتر قیمت، بہتر نشستوں کی دستیابی اور مجموعی طور پر زیادہ فائدہ یقینی بناتی ہے۔‘‘

کلئیر ٹرپ عربیہ کے چیف بزنس آفیسر سمیر بگل نے بھی اس بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ "ہم اپنے صارفین کو پہلے سے ٹکٹ بک کرانے کی ترغیب دیتے ہیں، اور اس حوالے سے اپنی پروموشنز بھی جاری کر رکھی ہیں۔ اگر ابھی بکنگ کرائی جائے تو 25 سے 30 فیصد تک بچت ممکن ہے۔‘‘

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button