
خلیج اردو
دبئی:دبئی ہولڈنگ اور اِن 5 کی جانب سے مشترکہ طور پر ’’انوویٹ فار ٹومارو امپیکٹ ایکسیلیریٹر 2025‘‘ پروگرام کے لیے درخواستیں کھول دی گئی ہیں، جس کے تحت پائیدار اور جدت پر مبنی کاروباری منصوبوں کو مجموعی طور پر 8 لاکھ 50 ہزار درہم کے انعامات دیے جائیں گے۔
یہ عالمی سطح کا پروگرام اسٹارٹ اپس کو اس جانب راغب کرتا ہے کہ وہ وسائل کے استعمال اور دوبارہ استعمال کے نئے طریقے تلاش کریں تاکہ ایک سرکلر اور پائیدار معیشت تشکیل دی جا سکے، جہاں کچھ بھی ضائع نہ ہو۔
پہلا انعام حاصل کرنے والی کمپنی کو پانچ لاکھ درہم دیے جائیں گے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر کے فاتحین کو بالترتیب ڈھائی لاکھ اور ایک لاکھ درہم کے انعامات ملیں گے۔
2025 کے ایڈیشن کا محور تین اہم موضوعات پر رکھا گیا ہے:
خوراک کا ضیاع اور بچاؤ،
وسائل کی بحالی و تجدید،
اور پائیداری کے لیے ڈیجیٹل جدت۔
درخواستیں 25 نومبر 2025 تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ یہ پروگرام ان اسٹارٹ اپس کے لیے ہے جن کے پاس کسی پروٹو ٹائپ یا ابتدائی مرحلے کا پروڈکٹ موجود ہے اور وہ یو اے ای میں اپنے کاروبار کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔
منتخب پندرہ اسٹارٹ اپس کو 12 ہفتوں پر مشتمل ہائبرڈ تربیتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا، جس میں ماہرین کی جانب سے 20 گھنٹے تک ایک آن ون مینٹرشپ، مالیات، کاروباری ترقی اور مارکیٹ تک رسائی سے متعلق 15 سے زائد ورکشاپس، اور اِن 5 کی انکیوبیشن سہولتیں شامل ہوں گی جن کی مالیت 90 ہزار درہم تک ہوگی۔
پروگرام کے اختتام پر 2026 میں ڈیمو ڈے منعقد کیا جائے گا، جس میں شرکاء اپنے منصوبے سرمایہ کاروں اور بزنس لیڈرز کے سامنے پیش کریں گے۔ بہترین اختراع کو منتظمین کے تعاون سے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
یہ پروگرام یو اے ای کے ماحولیاتی اہداف، سرکلر اکنامی پالیسی 2031، نیٹ زیرو بائی 2050 اور سینٹینیئل 2071 کے وژن کے مطابق پائیدار معیشت کے فروغ کی ایک اہم کوشش ہے۔







