
خلیج اردو
ابو ظہبی، 12 اکتوبر 2025
یو اے ای نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل اختیار کرنے اور تنازع کے پُرامن حل کی اپیل کی ہے۔
یو اے ای کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان جاری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کی ضرورت ہے جو خطے میں مزید بگاڑ یا کشیدگی کا باعث بنے۔ وزارت نے زور دیا کہ عقل و حکمت سے کام لیتے ہوئے اختلافات کو سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
قبل ازیں پاکستان فوج نے بتایا تھا کہ سرحدی جھڑپوں میں 23 پاکستانی فوجی اور افغانستان کی جانب سے 200 سے زائد طالبان اور منسلک جنگجو ہلاک ہوئے۔ اسلام آباد کا کہنا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے عسکریت پسند افغانستان سے کارروائیاں کرتے ہیں، تاہم کابل اس الزام کی تردید کرتا ہے۔
ٹی ٹی پی طویل عرصے سے پاکستان میں حکومت کا تختہ الٹ کر سخت اسلامی نظام قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور افغان طالبان سے اس کے قریبی تعلقات رہے ہیں۔







