متحدہ عرب امارات

کیا دبئی میں واقعی ہر شخص کروڑ پتی ہے؟ سیاحوں کے عجیب سوالات نے ٹور گائیڈز کو بھی حیران کر دیا

خلیج اردو
دبئی آنے والے غیر ملکی سیاح شہر کے بارے میں کیا کچھ سوچ کر آتے ہیں؟ کوئی پوچھتا ہے کہ کیا دبئی میں رہنے والا ہر شخص کروڑ پتی ہے، کوئی ٹور گائیڈ سے جاننا چاہتا ہے کہ روزانہ ایک ہی مقامات دکھاتے ہوئے اسے بوریت نہیں ہوتی، جبکہ ایک خاتون سیاح نے کرسمس کی سجاوٹ کا ٹوٹا ہوا تحفہ کئی ماہ بعد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ایسی درخواست کردی جس نے سب کو حیران کر دیا۔

دبئی کے تین ٹور گائیڈز نے سیاحوں کے ساتھ پیش آنے والے دلچسپ واقعات اور غیر متوقع سوالات شیئر کیے ہیں۔ ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے ذہنوں میں دبئی کے بارے میں کئی دلچسپ تصورات موجود ہیں اور ٹور گائیڈز کی ذمہ داری صرف مشہور عمارتیں اور سیاحتی مقامات دکھانا نہیں بلکہ انہیں شہر کی اصل تاریخ، ثقافت اور طرز زندگی سے روشناس کرانا بھی ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں 2018 سے ٹور گائیڈ کے طور پر کام کرنے والے فہیم عباس سے سیاح اکثر ایک دلچسپ سوال کرتے ہیں کہ کیا دبئی میں ہر شخص انتہائی امیر اور کروڑ پتی ہے؟

فہیم عباس کے مطابق بعض سیاح دبئی پہنچنے سے پہلے سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی پرتعیش زندگی کو ہی پورا شہر سمجھ لیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دبئی میں ہر طبقے اور مختلف معاشی پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں۔

فہیم عباس نے دلچسپ انداز میں بتایا کہ وہ کبھی کبھار سیاحوں سے مذاق کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر دبئی میں واقعی ہر شخص کروڑ پتی ہوتا تو شاید انہیں بھی ٹور گائیڈ کے طور پر کام کرنے کی ضرورت نہ پڑتی۔

ان کے مطابق سیاحوں کو دبئی کا تاریخی اور ثقافتی پہلو دکھانے کے لیے وہ الشندغہ اور الفہیدی جیسے قدیم علاقوں کا دورہ کراتے ہیں، جبکہ السرکل ایونیو کے ذریعے شہر کے فنون اور ثقافتی سرگرمیوں سے بھی متعارف کراتے ہیں۔

دوسری جانب دبئی کے لائسنس یافتہ ٹور گائیڈ ماجد الجنیبی کو ایک سیاح نے ایسا سوال کیا جس نے انہیں مسکرانے پر مجبور کردیا۔ سیاح نے پوچھا کہ کیا روزانہ ایک ہی مقامات کی سیر کراتے ہوئے آپ بور نہیں ہوجاتے؟

ماجد الجنیبی کے مطابق وہ بظاہر ایک ہی مقامات کا دورہ کرتے ہیں لیکن ہر ٹور کا تجربہ مختلف ہوتا ہے، کیونکہ ہر سیاح کی شخصیت، دلچسپی اور سوالات الگ ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات سیاح کسی مقام کی ایسی باریک تفصیل کی نشاندہی کردیتے ہیں جو وہ خود سینکڑوں مرتبہ وہاں جانے کے باوجود محسوس نہیں کر پائے ہوتے۔

ماجد الجنیبی سیاحوں کو دبئی کی بلند عمارتوں، مہنگے ہوٹلوں اور شاپنگ مالز سے آگے کی دنیا دکھانے پر توجہ دیتے ہیں۔ ان کے ٹور میں الفہیدی تاریخی علاقہ، دیرہ کے روایتی بازار اور دبئی کریک میں ابرا کی کشتی کا سفر بھی شامل ہوتا ہے، جہاں سیاح شہر کی تجارت اور موتیوں کے کاروبار سے جڑی تاریخ کو قریب سے سمجھ سکتے ہیں۔

تیسرا دلچسپ واقعہ ٹور گائیڈ ندا بدران کے ساتھ پیش آیا، جو وانڈر ود ندا بدران کی بانی ہیں۔ انہیں ایک امریکی خاندان کی جانب سے ٹور مکمل ہونے کے کئی ماہ بعد ای میل موصول ہوئی۔ خاندان نے دبئی کی یادگار کے طور پر اپنے بیٹے کے لیے کرسمس کی سجاوٹ کا ایک مخصوص تحفہ خریدا تھا، لیکن وہ ٹوٹ گیا تھا۔

بچے کی والدہ نے ندا بدران سے درخواست کی کہ کیا وہ اسی تحفے کا دوسرا نمونہ تلاش کرنے میں مدد کرسکتی ہیں؟ دبئی سے امریکہ ایک چھوٹی سی چیز بھیجنے کے اخراجات اس کی اصل قیمت سے کہیں زیادہ تھے، تاہم ندا بدران کی جلد امریکہ جانے کی منصوبہ بندی تھی۔

انہوں نے دبئی میں بالکل ویسا ہی تحفہ تلاش کیا، اسے اپنے سامان میں رکھا اور امریکہ پہنچنے کے بعد متعلقہ خاندان کو ڈاک کے ذریعے بھجوا دیا۔ ندا بدران نے اس واقعے کو دلچسپ انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحفہ وی آئی پی کی طرح سفر کرکے امریکہ پہنچا، کیونکہ وہ ایک انتہائی اہم پیکج تھا۔

ندا بدران کے مطابق انہوں نے گزشتہ 30 برسوں کے دوران متحدہ عرب امارات کو تبدیل ہوتے دیکھا ہے اور گزشتہ ایک دہائی سے سیاحوں کو اس کی تاریخ اور ثقافت سے متعارف کروا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دبئی کو سمجھنے کے لیے صرف صحرائی سفاری کافی نہیں بلکہ شہر کے دیگر تاریخی اور ثقافتی پہلوؤں کو بھی دیکھنا ضروری ہے۔

ٹور گائیڈز کے مطابق سیاحوں کی یادوں میں ہمیشہ بڑی عمارتیں، مہنگے ہوٹل اور پرتعیش تفریح ہی جگہ نہیں بناتے بلکہ بعض اوقات انتہائی سادہ تجربات بھی زندگی بھر یاد رہتے ہیں۔

ماجد الجنیبی نے بتایا کہ برج خلیفہ اور ڈاؤن ٹاؤن دبئی دیکھنے والے بعض سیاحوں کے لیے دبئی کریک میں ابرا کی کشتی کا مختصر سفر پورے دن کا پسندیدہ تجربہ بن جاتا ہے۔ ان کے مطابق لوگ دنیا کے مشہور مقامات دیکھنے کے لیے ہزاروں کلومیٹر سفر کرتے ہیں لیکن بعض اوقات پانچ منٹ کا کشتی کا سفر ان کی سب سے خوشگوار یاد بن جاتا ہے۔

فہیم عباس نے ایک امریکی گرل اسکاؤٹس کے گروپ کا واقعہ بھی بیان کیا، جس میں معذور افراد بھی شامل تھے۔ انہوں نے سیاحوں کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں معذور افراد کے لیے پیپل آف ڈیٹرمنیشن کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے، جس کا مقصد کسی شخص کی مشکلات کے بجائے اس کی صلاحیتوں، خوبیوں اور امکانات کو اہمیت دینا ہے۔

فہیم عباس کے مطابق اس اصطلاح نے گروپ کے شرکا کو بہت متاثر کیا اور وہ خود کو زیادہ قابل قدر محسوس کرنے لگے۔

ندا بدران نے ایک ایسے اماراتی شہری کا واقعہ بھی سنایا جس کے دوستوں نے اسے اپنی ثقافتی معلومات تازہ کرنے کے لیے ٹور پر بھیجا تھا۔ پرانے دبئی کی گلیوں میں سیاحوں کے ساتھ گھومتے ہوئے اسے اپنی ثقافت اور تاریخ کے ان پہلوؤں کو دوبارہ جاننے کا موقع ملا جن سے وہ بچپن سے واقف تھا۔

تینوں ٹور گائیڈز کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو عربی زبان کے چند بنیادی الفاظ سیکھنے چاہئیں کیونکہ اس سے مقامی لوگوں کے ساتھ رابطہ بہتر ہوتا ہے۔ ندا بدران اپنے مہمانوں کو پانچ بنیادی عربی جملے سکھاتی ہیں، جبکہ ماجد الجنیبی دکانداروں سے گفتگو شروع کرنے کے آداب اور عربی قہوے سے متعلق روایات بھی سمجھاتے ہیں۔

ان کے مطابق عربی قہوہ پینے کے بعد کپ کو ہلکے سے ہلانا اس بات کا اشارہ ہوتا ہے کہ مہمان مزید قہوہ نہیں چاہتے۔ فہیم عباس کا کہنا ہے کہ شکریہ، ان شاء اللہ اور ماشاء اللہ جیسے الفاظ کے معنی سمجھنا بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا انہیں ادا کرنا۔

تینوں گائیڈز کے تجربات سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ دبئی کی اصل پہچان صرف بلند عمارتیں، دولت اور پرتعیش طرز زندگی نہیں بلکہ اس کی تاریخ، ثقافت، روایات اور لوگوں سے جڑی کہانیاں بھی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button