
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ٹریفک جام سے بچنے کے لیے سڑک کے کنارے مخصوص ایمرجنسی لین استعمال کرنے والے ڈرائیورز خبردار ہوجائیں، ابوظہبی پولیس نے اس خطرناک عمل کے خلاف سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسا کرنا نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ دوسرے افراد کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
ابوظہبی پولیس نے جمعہ 22 نومبر کو جاری کردہ ایک ویڈیو کے ذریعے ڈرائیورز کو خبردار کیا، جس میں متعدد گاڑیوں کو ٹریفک کے دوران دوسری گاڑیوں سے آگے نکلنے کے لیے سڑک کے کنارے موجود مخصوص لین استعمال کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق بعض ڈرائیورز ٹریفک کی روانی متاثر ہونے پر جلد منزل تک پہنچنے کے لیے یہ راستہ اختیار کرتے ہیں، تاہم اس سے سنگین حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
پولیس نے شہریوں اور ڈرائیورز پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، اپنی مخصوص لین میں گاڑی چلائیں اور دوسری گاڑیوں سے آگے نکلنے یا ٹریفک جام سے بچنے کے لیے سڑک کے کنارے کا استعمال ہرگز نہ کریں۔
ابوظہبی پولیس کے مطابق اس غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ سڑک کے کنارے موجود راستہ ایمبولینسز، ریسکیو اور دیگر ہنگامی امدادی گاڑیوں کے لیے مختص ہوتا ہے۔ اگر عام گاڑیاں اس راستے پر قبضہ کرلیں تو حادثے کی صورت میں امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں تاخیر ہوسکتی ہے، جس سے زخمیوں کی زندگیوں کو مزید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے ٹریفک قوانین کے آرٹیکل 42 کے تحت سڑک کے کنارے سے دوسری گاڑیوں کو اوورٹیک کرنے پر ایک ہزار درہم جرمانہ اور ڈرائیونگ لائسنس پر 6 بلیک پوائنٹس عائد کیے جاتے ہیں۔
ابوظہبی پولیس نے واضح کیا ہے کہ سڑک کے کنارے مخصوص راستہ ہنگامی حالات میں ایمبولینسز اور دیگر امدادی گاڑیوں کی فوری نقل و حرکت کے لیے خالی رکھنا ضروری ہے۔ ڈرائیورز کو اپنی مقررہ لین میں رہتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ابوظہبی پولیس نے اس حوالے سے انتباہ جاری کیا ہو۔ رواں سال اپریل میں بھی پولیس نے سڑک کے کنارے گاڑی روکنے اور اسی راستے کو دوسری گاڑیوں سے آگے نکلنے کے لیے استعمال کرنے کے خلاف خبردار کیا تھا۔
اس وقت جاری کردہ ایک ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ سڑک کے کنارے کھڑی گاڑی کو پیچھے سے آنے والی ایک سیڈان نے ٹکر مار دی۔ ویڈیو کے دوسرے حصے میں ایک گاڑی کو بائیں جانب سڑک کے کنارے سے دوسری گاڑیوں کو اوورٹیک کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
ابوظہبی پولیس نے اس موقع پر ڈرائیورز کو ہدایت کی تھی کہ اگر گاڑی خراب ہوجائے تو اسے سڑک سے ہٹا کر قریب ترین محفوظ مقام پر لے جائیں۔ پولیس کے مطابق سڑک کے کنارے گاڑی روکنا بھی ڈرائیور اور دیگر افراد کی زندگیوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب دبئی پولیس نے بھی رواں سال 5 جون کو اسی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر انتباہ جاری کیا تھا۔ پولیس نے ٹریفک جام سے بچنے کے لیے سڑک کے کنارے گاڑیاں چلانے والوں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سال کے آغاز سے اب تک اس نوعیت کی 4 ہزار 504 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔
دبئی پولیس نے سڑک کے کنارے سے گاڑیاں گزارنے کے عمل کو ٹریفک کے انتہائی خطرناک رویوں میں شمار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی جان کو خطرہ لاحق ہوتا ہے اور ہنگامی خدمات انجام دینے والی گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوتی ہے۔







