متحدہ عرب امارات

دبئی میں گھر، بچوں کی تعلیم اور کاروبار، بگ ٹکٹ کے 5 خوش نصیبوں نے کروڑوں درہم ملنے کے بعد کیا کیا؟

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی معروف بگ ٹکٹ لاٹری جیتنے والے پانچ خوش نصیبوں کی زندگیوں میں انعامی رقم نے ایسے تبدیلیاں پیدا کیں جن کے اثرات صرف ان کی ذاتی زندگی تک محدود نہیں رہے بلکہ ان کے خاندانوں، بچوں اور ضرورت مند افراد کے مستقبل تک پھیل گئے۔ کسی نے دبئی میں اپنا خوابوں کا گھر خرید لیا، کسی نے بچوں کی تعلیم اور والدین کی رہائش کا بندوبست کیا، کسی نے اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرکے خاندان کا مستقبل محفوظ بنایا، جبکہ ایک ڈاکٹر نے برسوں سے ادھوری رہ جانے والی تعلیم دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ان پانچ کامیاب افراد کی کہانیاں ظاہر کرتی ہیں کہ اچانک ملنے والی بڑی رقم ہر شخص کے لیے ایک جیسا راستہ نہیں کھولتی۔ بعض افراد نے اسے خاندان کی ضروریات پوری کرنے کا ذریعہ بنایا تو کچھ نے کاروبار، فلاحی منصوبوں اور اپنی دیرینہ خواہشات کو عملی شکل دینے کے لیے استعمال کیا۔

فلپائن سے تعلق رکھنے والی اینا لی گیونگن نے جنوری 2026 میں بگ ٹکٹ کا 3 کروڑ درہم کا بڑا انعام جیتا تھا۔ ان کے مطابق انعامی رقم ملنے کے بعد ان کی پہلی ترجیح اپنے خاندان کا مستقبل محفوظ بنانا تھی۔ انہوں نے اپنے بیٹے کی تعلیم کا انتظام کیا، والدین کے لیے گھر خریدا اور اپنے بہن بھائیوں کو ان کے ذاتی کاروبار شروع کرنے میں مدد فراہم کی۔

تاہم اینا لی نے اپنی کامیابی کو صرف خاندان تک محدود نہیں رکھا بلکہ اپنے آبائی صوبے میں گرجا گھروں کی تعمیر میں تعاون شروع کیا اور ایک فلاحی فاؤنڈیشن کے لیے بھی مالی وسائل فراہم کیے۔

ان کا سب سے بڑا خواب ایک ایسا کم خرچ ہسپتال تعمیر کرنا ہے جہاں ہنگامی طبی امداد کے ضرورت مند افراد کو صرف اس وجہ سے علاج سے محروم نہ ہونا پڑے کہ وہ اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔

اینا لی گیونگن کا کہنا تھا کہ ان کی سب سے بڑی خواہش ہے کہ زندگی میں ہی وہ لوگوں کی زندگیوں میں کوئی بامعنی اور مثبت تبدیلی لانے میں کامیاب ہوجائیں۔

بھارت سے تعلق رکھنے والی 42 سالہ گھریلو خاتون کانیکا اروڑا کے لیے 2026 میں جولائی کے مہینے میں 2 کروڑ 50 لاکھ درہم کا انعام جیتنا برسوں پرانا خواب پورا ہونے کے مترادف تھا۔ ان کی سب سے بڑی خواہش اپنا گھر خریدنا تھی، جو اب حقیقت بن چکی ہے۔

کانیکا اروڑا نے انعامی رقم سے دبئی میں اپنا گھر خرید لیا ہے اور اب وہ اسی شہر میں ذاتی کاروبار شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بالآخر وہ گھر خرید لیا ہے جس کا وہ طویل عرصے سے خواب دیکھ رہی تھیں اور اب دبئی میں اپنا کاروبار شروع کرنے کے امکان پر غور کررہی ہیں۔ ان کے مطابق گھر کی خریداری نے زندگی کے ایک نئے مرحلے کی بنیاد فراہم کردی ہے۔

بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے الیکٹریشن محمد ناصر بلال نے جولائی 2025 میں اپنے دوستوں کے ایک گروپ کے ساتھ مل کر خریدے گئے ٹکٹ کے ذریعے 2 کروڑ 50 لاکھ درہم کا انعام جیتا تھا۔

انعامی رقم گروپ کے درمیان تقسیم ہونا تھی، تاہم ناصر بلال نے اپنے حصے کے لیے پہلے ہی دو اہم مقاصد طے کر رکھے تھے۔ وہ اپنے خاندان کے لیے بنگلہ دیش میں گھر خریدنا اور رقم کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔

ان کے مطابق انعام جیتنے کے بعد وہ اپنے دونوں خواب پورے کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپنے خاندان کے لیے گھر بھی خرید لیا اور سرمایہ کاری کے منصوبے پر بھی عمل کرلیا۔

ناصر بلال کا کہنا تھا کہ ان کا خواب سرمایہ کاری کرنا اور اپنے خاندان کے لیے گھر خریدنا تھا، بگ ٹکٹ جیتنے کے بعد وہ دونوں مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

بگ ٹکٹ جیتنے والوں میں ہر شخص کروڑوں درہم کا انعام حاصل کرنے والا نہیں تھا۔ مصر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اسلام شفشق نے اکتوبر 2025 میں ڈئیر بگ ٹکٹ کے ذریعے ایک لاکھ درہم کا انعام جیتا۔

ڈاکٹر اسلام کے لیے یہ رقم ایک ایسے تعلیمی موقع کا ذریعہ بنی جسے وہ کئی برسوں سے حاصل کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے اس رقم کو لونجیویٹی میڈیسن یعنی صحت مند اور طویل عمر سے متعلق طبی شعبے میں اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بگ ٹکٹ جیتنا ان کے لیے انتہائی جذباتی لمحہ تھا کیونکہ اس کامیابی نے انہیں وہ تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جس کی وہ طویل عرصے سے خواہش رکھتے تھے۔

ڈاکٹر اسلام کی امید ہے کہ اس شعبے میں حاصل ہونے والی مہارت مستقبل میں ایسے افراد کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگی جو مہنگے طبی علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

نیپال سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن رنجیت کمار پال نے فروری 2023 میں اپنے 20 دوستوں کے گروپ کے ساتھ خریدا گیا ٹکٹ جیت کر 2 کروڑ 30 لاکھ درہم کا انعام حاصل کیا تھا۔

دو بیٹوں کے والد رنجیت کمار پال کے لیے انعامی رقم کا سب سے اہم مقصد اپنے آبائی ملک نیپال میں موجود خاندان کی مدد کرنا اور بچوں کا مستقبل زیادہ محفوظ بنانا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا سب سے بڑا خواب ہمیشہ یہی رہا ہے کہ وہ نیپال میں اپنے خاندان کی بہتر مدد کرسکیں اور اپنے بچوں کو ایک محفوظ اور بہتر مستقبل فراہم کریں۔

بگ ٹکٹ کے ان پانچ فاتحین کی کہانیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ بڑی انعامی رقم کسی کے لیے گھر کی ملکیت، کسی کے لیے بچوں کی تعلیم، کسی کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری جبکہ کسی کے لیے دوسروں کی زندگی بہتر بنانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button