متحدہ عرب امارات

دبئی کے سکولوں میں اساتذہ پر بڑی پابندی، طلبہ سے ذاتی موبائل، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر رابطہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی

خلیج اردو
دبئی کے نجی سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے لیے طلبہ سے رابطے کے حوالے سے نئے سخت ضوابط متعارف کرا دیے گئے ہیں، جن کے تحت اساتذہ اپنے ذاتی موبائل فون، نجی واٹس ایپ اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا پروفائلز کے ذریعے طلبہ سے رابطہ نہیں کرسکیں گے۔ اب اساتذہ کو تدریسی امور اور طلبہ سے متعلق تمام رابطوں کے لیے سکول کی جانب سے فراہم کردہ آلات اور ادارے کے منظور شدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز استعمال کرنا ہوں گے۔

دبئی کے ادارہ برائے علم و انسانی ترقی (کے ایچ ڈی اے) نے 13 نومبر کو طلبہ کے تحفظ اور حفاظتی اقدامات سے متعلق نیا پالیسی فریم ورک جاری کیا ہے، جس کا مقصد اساتذہ اور طلبہ کے درمیان پیشہ ورانہ حدود واضح کرنا، رابطوں کی نگرانی بہتر بنانا اور بچوں کے ساتھ نامناسب رابطوں کے ممکنہ خطرات کم کرنا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت تعلیمی اداروں کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے عملے کے رویوں کی نگرانی کریں، محفوظ تدریسی ماحول یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی حفاظتی شکایت کی نشاندہی اور رپورٹنگ کے لیے واضح طریقہ کار وضع کریں۔

اساتذہ کے لیے نئے ضوابط کیا ہوں گے؟

کے ایچ ڈی اے کے نئے فریم ورک میں پیشہ ورانہ طرز عمل اور محفوظ تدریسی ماحول کے حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ اساتذہ طلبہ کے ساتھ ذاتی یا خفیہ تعلقات قائم نہیں کرسکیں گے، نہ ہی اپنے نجی رابطہ نمبرز، ذاتی موبائل فونز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو طلبہ سے رابطے کے لیے استعمال کرسکیں گے۔

تمام تعلیمی اور تدریسی رابطے صرف ادارے کے منظور شدہ آلات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سکول انتظامیہ کو ملازمت کے پورے عرصے کے دوران عملے کی پیشہ ورانہ اہلیت اور موزونیت کی نگرانی کرنا ہوگی اور کسی قسم کے خدشات سامنے آنے پر مناسب کارروائی کرنا ہوگی۔

اس کا مطلب ہے کہ اساتذہ معمول کے تعلیمی سوالات، ہوم ورک یا دیگر تدریسی معاملات پر بھی طلبہ کو اپنے ذاتی واٹس ایپ اکاؤنٹس یا نجی موبائل نمبرز سے پیغام نہیں بھیج سکیں گے۔ تمام رابطے ایسے پلیٹ فارمز پر ہوں گے جن کی ادارے کی جانب سے نگرانی ممکن ہو اور جن کا باقاعدہ ریکارڈ موجود رہے۔

جیمز ایجوکیشن میں رسک اور بچوں کے تحفظ کی عالمی سربراہ کلیئر اسکوون نے کہا ہے کہ اساتذہ اور طلبہ کے درمیان واضح پیشہ ورانہ حدود برقرار رکھنا ان کے ادارے کی حفاظتی پالیسی کا بنیادی حصہ رہا ہے۔

ان کے مطابق ادارے میں پہلے ہی عملے کے طرز عمل اور مناسب رابطوں کے لیے ضوابط موجود ہیں، جن میں ذاتی میسجنگ اکاؤنٹس کے بجائے سکول کے منظور شدہ ذرائع استعمال کرنے کی ہدایات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو ان اصولوں اور ان کے پیچھے موجود بچوں کے تحفظ سے متعلق وجوہات سے مسلسل آگاہ رکھا جاتا ہے۔

کیا سکول والدین سے رابطے کے لیے واٹس ایپ استعمال کرسکیں گے؟

نئے ضوابط کا مطلب یہ نہیں کہ سکول انتظامیہ والدین سے رابطے کے لیے واٹس ایپ سمیت تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال ختم کردے گی۔ اصل پابندی اساتذہ اور انفرادی طلبہ کے درمیان ذاتی اور غیر نگرانی شدہ رابطوں پر ہے، جبکہ ادارے کی زیر نگرانی والدین سے رابطے کے لیے واٹس ایپ گروپس استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

انڈین ہائی گروپ آف سکولز کے چیف ایگزیکٹو پونیت ایم کے واسُو کے مطابق بہت سے والدین سکول کی معلومات اور اعلانات حاصل کرنے کے لیے واٹس ایپ کو آسان ذریعہ سمجھتے ہیں، اس لیے ادارے کی جانب سے چلائے جانے والے گروپس اب بھی معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سکول کے واٹس ایپ گروپس مرکزی انتظامیہ کے زیر کنٹرول ہوتے ہیں اور انہیں اساتذہ اور انفرادی طلبہ کے درمیان نجی رابطے کے لیے استعمال نہیں کیا جاتا۔ ان گروپس میں سکول انتظامیہ اور اساتذہ کی موجودگی رابطوں میں شفافیت، نگرانی اور جواب دہی کو یقینی بناتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طلبہ کے ساتھ براہ راست تعلیمی رابطوں کے لیے ادارے کی جانب سے منظور شدہ مائیکروسافٹ ٹیمز اکاؤنٹس استعمال کیے جاتے ہیں۔ والدین اپنی شکایات اور سوالات کے لیے سکول کے مخصوص ہیلپ ڈیسک سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں، جبکہ سرکاری ای میل خط و کتابت صرف سکول میں رجسٹرڈ اکاؤنٹس کے ذریعے کی جاتی ہے۔

ان کے مطابق سکول کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں والدین سے بھی توقع کی جاتی ہے کہ وہ اساتذہ کے ذاتی وقت اور پیشہ ورانہ حدود کا احترام کریں۔ ہنگامی اطلاعات اور اجتماعی اعلانات بھی سکول کے زیر انتظام پلیٹ فارمز کے ذریعے جاری کیے جاتے ہیں۔

اساتذہ پر مزید کون سی پابندیاں عائد ہوں گی؟

نئے حفاظتی فریم ورک میں صرف موبائل فون اور سوشل میڈیا کے استعمال کو محدود نہیں کیا گیا بلکہ سکولوں میں اساتذہ، معاون عملے اور دیگر ملازمین کے طلبہ کے ساتھ رویے کے حوالے سے بھی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

تعلیمی اداروں کو یقینی بنانا ہوگا کہ عملے کے ارکان کسی طالب علم کو غیر مجاز تحائف نہ دیں، کسی مخصوص طالب علم کے ساتھ غیر ضروری خصوصی رعایت یا امتیازی سلوک نہ کریں اور طلبہ کی تصاویر، ویڈیوز اور ڈیجیٹل مواد کے استعمال سے متعلق ادارے کے قواعد کی پابندی کریں۔

اساتذہ اور طلبہ کے درمیان ملاقاتیں حتی الامکان کھلی اور واضح جگہوں پر ہونی چاہئیں۔ اگر کسی تعلیمی ضرورت کے تحت کسی طالب علم سے علیحدہ یا بند کمرے میں ملاقات ضروری ہو تو اس کے لیے ادارے کے تحریری نگرانی کے طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔

وڈلم ایجوکیشن کے بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر نوفل احمد نے کہا کہ ان کے ادارے میں بھی اساتذہ کو پیشہ ورانہ رابطوں کے لیے ذاتی موبائل نمبرز، نجی واٹس ایپ اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا پروفائلز استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

ان کے مطابق اساتذہ کو سرکاری سکول نمبرز اور منظور شدہ رابطہ ذرائع فراہم کیے جارہے ہیں تاکہ والدین اور طلبہ سے رابطے کے دوران اساتذہ کی ذاتی معلومات اور پرائیویسی بھی محفوظ رہے۔

انہوں نے بتایا کہ اساتذہ کو سرکاری سم کارڈز اور رابطہ نمبرز فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ تدریسی اور انتظامی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹس بھی مہیا کیے گئے ہیں تاکہ انہیں ذاتی آلات پر انحصار نہ کرنا پڑے۔

نئے قوانین کن تعلیمی اداروں پر لاگو ہوں گے؟

کے ایچ ڈی اے کا نیا حفاظتی فریم ورک صرف نجی سکولوں تک محدود نہیں بلکہ دبئی میں ادارے سے اجازت نامہ رکھنے والے نجی تعلیمی اداروں کی مختلف اقسام پر لاگو ہوگا، جن میں نرسریاں، ابتدائی بچپن کی تعلیم کے مراکز، نجی سکول، جامعات، اعلیٰ تعلیمی ادارے اور فنی و پیشہ ورانہ تربیتی مراکز شامل ہیں۔

یہ ضوابط روایتی کلاس رومز کے ساتھ آن لائن اور ورچوئل تعلیمی ماحول پر بھی لاگو ہوں گے۔ اس کے علاوہ کوچز، رضاکاروں، کنٹریکٹرز اور طلبہ کے ساتھ کام کرنے والے دیگر بالغ افراد کو بھی ملازمت یا ذمہ داری سنبھالنے کے ابتدائی مرحلے میں ادارے کے ضابطہ اخلاق کو تسلیم کرنا ہوگا۔

یہاں تک کہ 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے طلبہ بھی اس فریم ورک کے دائرے میں شامل ہوں گے، تاہم بالغ طلبہ کے لیے حفاظتی طریقہ کار مرتب کرتے وقت ان کی رضامندی اور معلومات کی رازداری کو مدنظر رکھا جائے گا۔

نئے فریم ورک میں بچوں کو نقصان پہنچانے والے عوامل کی روک تھام، ممکنہ خطرات کی نشاندہی، شکایات کی رپورٹنگ، الزامات کی تحقیقات اور تعلیمی اداروں کی جواب دہی کے حوالے سے بھی تفصیلی ہدایات شامل ہیں۔

پالیسی میں سائبر بُلنگ، انٹرنیٹ کے ذریعے بچوں کو نامناسب تعلقات میں پھنسانے، ڈیجیٹل دباؤ اور مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال سے پیدا ہونے والے نئے خطرات کو بھی تسلیم کیا گیا ہے۔

نئے ضوابط کے تحت تعلیمی اداروں کے بورڈ کی سطح پر ایک حفاظتی نگران مقرر کرنا بھی ضروری ہوگا، جبکہ عملی اقدامات کی نگرانی کے لیے ایک نامزد حفاظتی سربراہ یا بچوں کے تحفظ کا کوآرڈینیٹر بھی تعینات کرنا ہوگا۔

کے ایچ ڈی اے نے ان ضوابط پر عمل درآمد کے لیے مرحلہ وار 12 ماہ تک کی مہلت فراہم کی ہے تاکہ تعلیمی ادارے اپنی موجودہ پالیسیوں کا جائزہ لے سکیں، عملے کو تربیت فراہم کریں اور طلبہ کے تحفظ کے انتظامات کو نئے تقاضوں کے مطابق بہتر بنا سکیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button