
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے حکمران اور سپریم کونسل کے رکن شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کی جمعہ کے روز سرجری مکمل ہوگئی ہے اور وہ آپریشن کے بعد ریکوری روم میں زیر نگرانی ہیں۔ ان کی صاحبزادی شیخہ بدور القاسمی نے سوشل میڈیا پر والد کی صحت سے متعلق تازہ اطلاع دیتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
شیخہ بدور القاسمی نے جمعہ کو اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا تھا کہ ان کے 87 سالہ والد کا آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی تھی کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے والد کو دعاؤں میں یاد رکھیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ ان کا آپریشن کامیاب ہو اور وہ جلد صحت یاب ہوجائیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں والد کی صحت کے لیے جذباتی انداز میں دعا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنے والد کو اللہ تعالیٰ کے سپرد کرتی ہیں اور دعا کرتی ہیں کہ اللہ انہیں اپنی حفاظت اور رحمت میں رکھے، ان کی صحت بحال کرے اور انہیں ہر بیماری سے مکمل شفا عطا فرمائے۔
شیخہ بدور نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے والد کو صحت و تندرستی کے ساتھ دوبارہ اہل خانہ کے درمیان واپس لائے۔ انہوں نے سرجری کی نوعیت اور دورانیے سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی تھیں۔
بعد ازاں انسٹاگرام پر ایک اور پیغام میں شیخہ بدور نے تصدیق کی کہ ان کے والد کا آپریشن مکمل ہوگیا ہے اور وہ ریکوری روم میں منتقل کردیئے گئے ہیں۔
انہوں نے والد کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ان تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے ان کے والد کے لیے دعائیں کیں اور خیریت دریافت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر اس شخص کی شکر گزار ہیں جس نے اس موقع پر ان کے والد کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھا، اللہ تعالیٰ سب کو اس کا اجر عطا فرمائے۔
شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی 1939 میں پیدا ہوئے اور 1972 میں شارجہ کے حکمران بنے۔ حکمرانی سنبھالنے سے قبل بھی وہ مختلف اہم سرکاری عہدوں پر خدمات انجام دے چکے تھے۔ 1965 میں انہیں شارجہ میونسپلٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا، جبکہ 1971 میں انہوں نے حکمران کے دفتر کے ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
وہ 1971 میں متحدہ عرب امارات کے پہلے وزیر تعلیم بھی مقرر ہوئے۔ ان کے دور میں شارجہ میں حکومتی، ثقافتی، فنون لطیفہ اور سماجی شعبوں سے متعلق متعدد ادارے قائم کیے گئے، جن کا مقصد ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا تھا۔
شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کو شارجہ کی ثقافتی، تعلیمی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔







