
خلیج اردو
بھارتی فضائیہ کے رافیل طیاروں کی تعداد سے متعلق عالمی جریدے فلائٹ گلوبل کی رپورٹ نے بھارت میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ 2027 کی ورلڈ ایئر فورسز ڈائریکٹری میں بھارتی فضائیہ کے فعال رافیل طیاروں کی تعداد 32 بتائی گئی، جس کے بعد باقی چار طیاروں کی صورتحال سے متعلق سوالات اٹھنے لگے۔
بھارت نے فرانس سے مجموعی طور پر 36 رافیل جنگی طیارے خریدے تھے۔ عالمی جریدے کی ڈائریکٹری میں فعال طیاروں کی تعداد 32 بتائے جانے پر بھارتی صحافی رویش کمار نے بھی سوال اٹھایا کہ چار رافیل طیارے کہاں ہیں اور کس کے گیراج میں پارک ہیں؟
رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کے پاس مجموعی طور پر 588 فعال لڑاکا طیارے ہیں، جبکہ پاکستان کے پاس یہ تعداد 425 بتائی گئی ہے۔
پاکستان نے مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ کے دوران متعدد بھارتی جنگی طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھے، مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ بھارت نے فضائی نقصانات کا اعتراف تو کیا، تاہم تباہ ہونے والے طیاروں کی اقسام اور تعداد کی تفصیلات ظاہر نہیں کی تھیں۔
فلائٹ گلوبل کی ڈائریکٹری میں رافیل طیاروں کی تعداد کے حوالے سے سامنے آنے والے اعداد نے بھارتی فضائیہ کے نقصانات اور طیاروں کی موجودہ حالت سے متعلق بحث کو دوبارہ زندہ کردیا ہے۔







