متحدہ عرب امارات

دبئی رن 2026 کیلئے رجسٹریشن شروع، 5 اور 10 کلومیٹر روٹس، پارکنگ، میٹرو اور سڑکوں کی بندش کی تفصیلات جاری

خلیج اردو
دبئی میں دنیا کی بڑی عوامی رننگ سرگرمیوں میں شمار ہونے والے دبئی رن 2026 کیلئے رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔ 22 نومبر کو شیخ زاید روڈ کو ایک بڑے رننگ ٹریک میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں ہزاروں افراد 5 اور 10 کلومیٹر کے روٹس پر دوڑنے، جاگنگ یا پیدل چلنے میں حصہ لے سکیں گے۔ ایونٹ دبئی فٹنس چیلنج کی ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹر کیا جاسکتا ہے۔

دبئی رن کا آغاز صبح 6 بج کر 30 منٹ پر ہوگا، تاہم شرکا کیلئے آمد کے مختلف اوقات صبح 4 بجے سے مقرر کیے گئے ہیں۔ شرکا کو اپنی رجسٹریشن کے دوران منتخب کردہ وقت کے مطابق پہنچنا ہوگا، کیونکہ ہر ٹائم سلاٹ کیلئے شرکا کی تعداد محدود رکھی گئی ہے۔ ایونٹ کی اسٹارٹ لائن صبح 8 بجے بند کردی جائے گی۔

5 کلومیٹر کا روٹ خاندانوں، بچوں اور نئے شرکا کیلئے نسبتاً آسان رکھا گیا ہے۔ یہ روٹ میوزیم آف دی فیوچر کے قریب شیخ زاید روڈ سے شروع ہوگا، برج خلیفہ اور دبئی اوپیرا کے قریب سے گزرتے ہوئے دبئی مال کے نزدیک اختتام پذیر ہوگا۔

10 کلومیٹر کا روٹ زیادہ طویل ہوگا، جس کا آغاز بھی میوزیم آف دی فیوچر کے قریب سے ہوگا۔ شرکا دبئی کینال برج عبور کرکے شیخ زاید روڈ پر مختلف حصوں سے گزریں گے اور ڈی آئی ایف سی گیٹ کے قریب اپنا سفر مکمل کریں گے۔

سڑکوں کی بندش اور متبادل راستے

دبئی رن کے دوران اتوار کو صبح 3 بجے سے 10 بجے تک مختلف اہم سڑکیں بند رہیں گی۔ بند ہونے والی سڑکوں میں ٹریڈ سینٹر جنکشن سے الصفاء برج تک شیخ زاید روڈ، ایڈریس ہوٹل سے فیشن پارکنگ تک شیخ محمد بن راشد بولیوارڈ، شیخ زاید روڈ سے الخیل روڈ تک لوئر فنانشل سینٹر اسٹریٹ اور شیخ زاید روڈ سے البورصہ اسٹریٹ تک السکوق اسٹریٹ شامل ہیں۔

دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شہریوں اور موٹر سائیکل سواروں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے، جن میں اپر فنانشل سینٹر اسٹریٹ، زعبیل پیلس روڈ، الوصل روڈ اور الخیل روڈ شامل ہیں۔

پارکنگ اور میٹرو کے ذریعے آمدورفت

گاڑیوں پر آنے والے شرکا کو 10 کلومیٹر روٹ کیلئے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی پارکنگ اور 5 کلومیٹر روٹ کیلئے دبئی مال کی پارکنگ استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جہاں سے دبئی میٹرو کے ذریعے اسٹارٹ لائن تک پہنچا جاسکتا ہے۔

ایونٹ کے دوران دبئی مال، دبئی مال زعبیل اور دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں مجموعی طور پر تقریباً 15 ہزار پارکنگ کی جگہیں دستیاب ہوں گی۔

5 کلومیٹر روٹ کے شرکا ورلڈ ٹریڈ سینٹر میٹرو اسٹیشن جبکہ 10 کلومیٹر روٹ کے شرکا ایمریٹس ٹاورز میٹرو اسٹیشن کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹرانسپورٹ کے استعمال کیلئے نول کارڈ میں کم از کم 15 درہم بیلنس رکھنے کی بھی تجویز دی گئی ہے تاکہ میٹرو اسٹیشنز پر رش اور قطاروں سے بچا جاسکے۔

ٹیکسی کے ذریعے آنے والے افراد کیلئے اسٹارٹ لائنز کے قریب مخصوص ڈراپ آف اور پک اپ مقامات بھی ہوں گے۔ برج خلیفہ اور دبئی مال میٹرو اسٹیشن کے قریب بس اور ٹیکسی سروس روڈ 2026 کے اختتام تک بند ہونے کے باعث دبئی فٹنس چیلنج کی ویب سائٹ نے بزنس بے میٹرو تک پہنچنے کیلئے متبادل راستہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بِب اور ٹی شرٹ کہاں سے حاصل کریں؟

رجسٹرڈ شرکا کو اپنا بِب اور ٹی شرٹ دبئی میونسپلٹی 30×30 فٹنس ولیج، زعبیل پارک سے 9 نومبر سے 21 نومبر تک حاصل کرنا ہوگی۔

  • پیر سے جمعرات: شام 4 بجے سے رات 11 بجے تک

  • جمعہ: دوپہر 12 بجے سے رات 11 بجے تک

  • ہفتہ اور اتوار: صبح 8 بجے سے رات 11 بجے تک

رجسٹرڈ شرکا کی جانب سے کسی دوسرے شخص کو بھی بِب وصول کرنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ وہ رجسٹریشن کا درست کیو آر کوڈ دکھائے۔ بِب کے بغیر کسی کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر بِب گم ہوجائے تو دوبارہ رجسٹریشن کرکے نیا بِب حاصل کرنا ہوگا۔

سالک ٹول کی شرحیں

دبئی رن کے دن سالک ٹول کے اوقات اور نرخ بھی برقرار رہیں گے۔ صبح 6 بجے سے 10 بجے تک سالک کی فیس 6 درہم ہوگی، جبکہ شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک 4 درہم وصول کیے جائیں گے۔ کم رش کے اوقات، صبح 10 بجے سے شام 4 بجے اور رات 8 بجے سے 1 بجے تک فیس 4 درہم ہوگی۔ رات 1 بجے سے صبح 6 بجے تک سالک گیٹس پر معمول کے مطابق ٹول فری ہوگا۔

Dress Your Run مقابلہ، 10 افراد کیلئے 10 ہزار درہم انعام

دبئی رن کے شرکا کیلئے ڈریس یور رن کے نام سے خصوصی مقابلہ بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس میں شرکا اپنے سب سے منفرد، رنگین اور تخلیقی لباس کے ذریعے انعام جیت سکتے ہیں۔ مقابلے میں 10 فاتحین کو ہر ایک 10 ہزار درہم دیے جائیں گے، جبکہ مجموعی انعامی رقم ایک لاکھ درہم ہوگی۔

شرکا کیلئے اہم ہدایات

دبئی رن کوئی باقاعدہ ریس نہیں بلکہ عوامی سرگرمی ہے، جس میں ہر شخص اپنی رفتار کے مطابق روٹ مکمل کرسکتا ہے۔ والدین اور قانونی سرپرست تین بچوں تک کی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، تاہم 18 سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ بالغ شخص کی موجودگی ضروری ہوگی۔

شرکا کو بڑے بیگ ساتھ لانے کی اجازت نہیں، صرف ضروری ذاتی اشیا رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 5 کلومیٹر روٹ پر بچوں کی اسٹولرز کی اجازت ہوگی، تاہم پالتو جانور ایونٹ میں نہیں لائے جاسکیں گے۔

پورے روٹ پر طبی امداد اور پانی کے اسٹیشن موجود ہوں گے۔ کسی بھی مدد کی ضرورت پڑنے پر شرکا قریبی دبئی رن مارشل یا طبی عملے سے رابطہ کرسکتے ہیں، جبکہ ہنگامی معاونت کیلئے 901 پر کال کی جاسکتی ہے۔ اسٹارٹ اور فنش لائنز کے قریب محدود تعداد میں بیت الخلا بھی دستیاب ہوں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button