
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نزلہ، زکام، فلو یا دیگر سانس کے انفیکشن سے صحت یاب ہونے کے باوجود بعض افراد کو کئی ہفتوں تک کھانسی کا سامنا رہ سکتا ہے۔ ابتدائی بیماری ختم ہونے، بخار اور گلے کی تکلیف کم ہونے کے بعد بھی سانس کی نالیوں میں سوزش اور حساسیت برقرار رہنے کے باعث کھانسی جاری رہ سکتی ہے۔
دبئی میں مقیم بعض افراد حالیہ دنوں میں مسلسل کھانسی کی شکایت کررہے ہیں۔ ایک رہائشی روپا گزشتہ 10 دن سے کھانسی میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹر سے معائنہ کروانے کے بعد انہیں وائرل انفیکشن بتایا گیا، جس پر ماسک پہننے اور ادویات باقاعدگی سے لینے کی ہدایت کی گئی، تاہم کھانسی اب بھی جاری ہے۔
دبئی کے ایک مال میں سیلز ایگزیکٹو کے طور پر کام کرنے والے سماد علیم بھی گزشتہ سات دن سے کھانسی کا سامنا کررہے ہیں۔ ڈاکٹر سے معائنے کے بعد انہیں فلو کی تشخیص ہوئی۔ وہ دبئی میٹرو کے ذریعے سفر کرتے ہیں اور روزانہ کام اور دیگر سرگرمیوں کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں کے درمیان رہتے ہیں۔
انفیکشن ختم ہونے کے بعد بھی کھانسی کیوں رہتی ہے؟
انٹرنیشنل ماڈرن ہسپتال دبئی کے اسپیشلسٹ پلمونولوجسٹ ڈاکٹر محمد اسلم کے مطابق سانس کے انفیکشن کے بعد دو سے تین ہفتے تک جاری رہنے والی کھانسی اکثر پوسٹ انفیکشن کھانسی کہلاتی ہے۔ انفیکشن ختم ہونے کے باوجود سانس کی نالیوں میں سوزش اور حساسیت برقرار رہ سکتی ہے، جس کے باعث مریض کو بخار یا گلے کی تکلیف ختم ہونے کے بعد بھی کھانسی ہوتی رہتی ہے۔
ڈاکٹر اسلم کے مطابق پوسٹ انفیکشن کھانسی بعض اوقات تین سے آٹھ ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے اور پھر بتدریج ختم ہوجاتی ہے۔
دبئی کے این ایم سی رائل ہسپتال ڈی آئی پی کے اسپیشلسٹ انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر محمود الجندی کا کہنا ہے کہ سانس کی نالیوں میں بلغم کی زیادہ پیداوار اور بلغم کے اخراج کا عمل سست ہونے سے بھی کھانسی برقرار رہ سکتی ہے۔ ان کے مطابق عام طور پر شدید کھانسی کے بیشتر کیسز کو مکمل طور پر ختم ہونے میں تین سے چار ہفتے لگ سکتے ہیں۔
ایئرکنڈیشن، گردوغبار اور پرفیوم کھانسی بڑھا سکتے ہیں؟
ڈاکٹروں کے مطابق انفیکشن کے بعد سانس کی نالیاں حساس ہوجاتی ہیں، جس کے باعث ایئرکنڈیشن والے کمرے میں داخل ہونے، گردوغبار والے ماحول میں جانے، تیز خوشبوؤں یا چند منٹ بات کرنے سے بھی کھانسی شروع ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر محمد اسلم کے مطابق ٹھنڈی ہوا، گردوغبار، تیز پرفیوم، ہنسنے اور بات کرنے جیسی معمول کی سرگرمیاں بھی حساس سانس کی نالیوں کو متحرک کرکے کھانسی کا باعث بن سکتی ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں ایئرکنڈیشن کے مسلسل استعمال، گردوغبار اور دیگر ماحولیاتی عوامل سے متاثرہ سانس کی نالیوں میں جلن اور حساسیت مزید بڑھ سکتی ہے۔
شارجہ کے میڈکیئر شیخ صقر القاسمی ہسپتال کے کنسلٹنٹ پلمونری اینڈ انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر عبدالکریم نصار کے مطابق بات کرنے اور ورزش کرنے جیسی سرگرمیوں سے بھی صحت یابی کے دوران کھانسی شروع ہوسکتی ہے۔ تاہم ڈاکٹروں نے واضح کیا کہ ہر مسلسل کھانسی کی وجہ ایئرکنڈیشن یا گردوغبار نہیں ہوتا۔
کیا وائرس ختم ہونے کے بعد بھی کھانسی ہوسکتی ہے؟
ڈاکٹروں کے مطابق وائرس یا انفیکشن ختم ہونے کے بعد بھی جسم کی صحت یابی کا عمل جاری رہ سکتا ہے، خصوصاً سانس کی نالیوں میں سوزش کو مکمل طور پر ختم ہونے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ اسی وجہ سے بعض افراد کو بخار اور گلے کی تکلیف ختم ہونے کے کئی ہفتوں بعد بھی کھانسی رہتی ہے۔
ڈاکٹر محمود الجندی کے مطابق مسلسل کھانسی کی دیگر وجوہات میں دمہ، ناک سے رطوبت کا حلق میں گرنا اور معدے کی تیزابیت بھی شامل ہوسکتی ہیں، خصوصاً جب علامات برقرار رہیں یا مزید بڑھنے لگیں۔
ڈاکٹر عبدالکریم نصار کا کہنا ہے کہ سانس سے متعلق دیگر بنیادی بیماریوں کی موجودگی بھی طویل کھانسی کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے ہر ایسی کھانسی کو محض وائرس سے صحت یابی کا حصہ سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
گھر، دفاتر اور سکولوں میں انفیکشن کیسے پھیلتے ہیں؟
ڈاکٹروں کے مطابق سانس کے انفیکشن ہر عمر کے افراد کو متاثر کرسکتے ہیں اور قریبی میل جول وائرس کی منتقلی کے امکانات بڑھاتا ہے۔ سکولوں میں بچے کئی گھنٹے ایک دوسرے کے ساتھ گزارتے ہیں، جس کے باعث انفیکشن گھر منتقل ہوسکتا ہے اور والدین، بہن بھائیوں یا بزرگوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔
دفاتر، عوامی ٹرانسپورٹ، اجلاسوں اور دیگر مشترکہ مقامات پر بھی بالغ افراد کو سانس کے انفیکشن کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹر محمد اسلم کے مطابق بچے، بزرگ، حاملہ خواتین، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد انفیکشن کی پیچیدگیوں کے حوالے سے زیادہ خطرے کا شکار ہوسکتے ہیں۔
تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں سانس کے انفیکشن کے کیسز میں اضافے یا کمی کی تصدیق کیلئے ہسپتالوں کے حقیقی اعدادوشمار کا جائزہ ضروری ہے۔
کب مسلسل کھانسی خطرے کی علامت ہوسکتی ہے؟
ڈاکٹروں کے مطابق اگر کھانسی تین ہفتوں سے زیادہ جاری رہے، شدت اختیار کرے، نیند متاثر کرے یا روزمرہ سرگرمیوں میں رکاوٹ بنے تو طبی معائنہ کروانا چاہیے۔ بار بار بخار، سانس کے دوران سیٹی جیسی آواز اور غیر معمولی تھکاوٹ پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
سانس لینے میں دشواری، سینے میں درد، کھانسی کے ساتھ خون آنا یا ذہنی الجھن جیسی علامات کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے، جبکہ شدید سانس کی دشواری ایمرجنسی صورتحال ہوسکتی ہے۔
مسلسل کھانسی سے متاثرہ افراد کیلئے ڈاکٹروں نے مناسب آرام، پانی اور دیگر سیال مشروبات کا استعمال اور سگریٹ نوشی سمیت سانس کی نالیوں کو متاثر کرنے والے عوامل سے اجتناب کرنے کی تجویز دی ہے۔







