
خلیج اردو
امریکی شہر سنسناٹی کے چڑیا گھر کی مشہور مادہ ہپو فیونا، جو قبل از وقت پیدائش کے بعد اپنی زندگی بچانے کی جدوجہد کے باعث دنیا بھر میں آن لائن شہرت حاصل کرچکی تھی، جمعرات کو 9 سال کی عمر میں چل بسی۔ چڑیا گھر کے مطابق فیونا گزشتہ ہفتے اپنے انکلوژر میں گرنے والی سردیوں کی ایک ٹوپی نگلنے کے بعد بیمار ہوگئی تھی۔
چڑیا گھر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ فیونا کے جسم سے ٹوپی نکالنے کیلئے متعدد کوششیں کی گئیں، تاہم اس کی حالت قابو میں نہ آسکی۔ جمعرات کو اسے بچانے کیلئے ضروری طبی معاونت اور علاج فراہم کیا گیا، لیکن وہ صحت یاب نہ ہوسکی۔
فیونا 2017 میں معمول سے چھ ہفتے پہلے پیدا ہوئی تھی اور پیدائش کے وقت اس کا وزن صرف 29 پاؤنڈ، یعنی تقریباً 13 کلوگرام تھا، جو عام ہپو کے پیدائشی وزن سے نصف سے بھی کم تھا۔ پیدائش کے وقت وہ کھڑی ہونے کے قابل بھی نہیں تھی اور اس کی زندگی بچنے کے امکانات انتہائی کم سمجھے جارہے تھے۔
اس کی بقا اور صحت یابی کے سفر کو سنسناٹی چڑیا گھر نے سوشل میڈیا کے ذریعے مسلسل دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ شیئر کیا۔ فیونا کے کھانے، وزن بڑھنے، نشوونما اور روزمرہ سرگرمیوں سے متعلق اپ ڈیٹس دیکھنے کیلئے لاکھوں افراد دلچسپی لیتے رہے، جبکہ اس کی کہانی بچوں کی کتابوں کی سیریز کا موضوع بھی بنی۔
سنسناٹی کے میئر آفتاب پیوروال نے فیونا کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر میں ثابت قدمی اور خوشی کی علامت تھی اور اس نے بچوں، والدین اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔
فیونا کی بیماری کے دوران چڑیا گھر کی ٹیم نے اسے 24 گھنٹے طبی نگرانی میں رکھا۔ علاج میں ادویات، کولونوسکوپی اور ایک مقامی گھوڑوں کے فارم سے حاصل کی گئی وائبریشن پلیٹ کا استعمال بھی شامل تھا، جس کے ذریعے امید کی جارہی تھی کہ اس کے نظام ہاضمہ میں پھنسنے والی ٹوپی آگے منتقل ہوسکے گی۔
چڑیا گھر کے مطابق فیونا کے جسمانی حجم اور صورتحال کے باعث سرجری ممکن نہیں تھی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہوا کہ نگلی گئی ٹوپی اس کی چھوٹی آنت کے درمیانی حصے میں پھنس گئی تھی۔
چڑیا گھر نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ ٹوپی کی جگہ اور جسمانی ساخت کے باعث لیپروسکوپی کے ذریعے اسے نکالنا ممکن نہیں تھا، جبکہ طبی معاونت کے علاوہ کوئی دوسرا علاج کامیاب ہونے کا امکان نہیں رکھتا تھا۔ پوسٹ مارٹم نے بھی تصدیق کی کہ طبی معاونت کے باوجود فیونا کی جان بچانا ممکن نہیں تھا۔







