
خلیج اردو
دبئی میں سونے کی قیمتیں تقریباً 14 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچنے کے بعد سرمایہ کاروں اور خریداروں کے لیے اہم سوال پیدا ہوگیا ہے کہ کیا یہ سونا خریدنے کا مناسب وقت ہے یا عالمی مارکیٹ میں قیمتیں مزید نیچے جاسکتی ہیں؟ مالیاتی ماہرین قلیل مدت میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ظاہر کررہے ہیں، تاہم ان کے مطابق طویل مدت میں سونے کی سرمایہ کاری کے امکانات اب بھی برقرار ہیں۔
ہفتے کے اختتام پر عالمی مارکیٹ میں سونا 3 ہزار 525 ڈالر فی اونس پر بند ہوا، جس میں 4.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ دبئی میں دبئی جیولری گروپ کے اعدادوشمار کے مطابق 24 قیراط سونے کی قیمت 426.5 درہم جبکہ 22 قیراط سونے کی قیمت 395 درہم فی گرام رہی۔
زینتارا سلوشنز کے چیف ایگزیکٹو جعفر ہاشم کے مطابق سونا رواں سال جنوری میں تقریباً 5 ہزار 590 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ قیمت کے مقابلے میں تقریباً 36 فیصد نیچے آچکا ہے، جبکہ سال کے آغاز سے اب تک اس کی قیمت میں تقریباً 19 فیصد کمی ہوئی ہے۔ قیمتوں میں زیادہ تر کمی حالیہ چند ہفتوں کے دوران ہوئی۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں پر اس وقت امریکی شرح سود کا اثر سب سے زیادہ ہے۔ امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈز کی حقیقی شرح منافع تقریباً 2.9 فیصد کے قریب ہے، جبکہ ڈالر تقریباً ڈیڑھ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ مضبوط ڈالر اور بلند شرح سود سونے جیسی ایسی سرمایہ کاری کو کم پرکشش بناتے ہیں جس سے براہِ راست منافع یا سود حاصل نہیں ہوتا۔
ہاشم کے مطابق رواں ماہ توقع سے زیادہ مہنگائی کے اعدادوشمار نے سونے کی قیمتوں میں تازہ کمی کو تقویت دی۔ امریکی فیڈرل ریزرو کا 9 دسمبر کا اجلاس اب مارکیٹ کے لیے اہم ہوگا، تاہم سرمایہ کار صرف شرح سود کے فیصلے کے بجائے اس کے ساتھ جاری ہونے والے پالیسی پیغام پر بھی توجہ دیں گے۔
سنچری فنانشل کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر وجے ویلیچا کے مطابق امریکا اور ایران کی صورتحال سے منسلک تیل کی بلند قیمتوں نے مہنگائی کے خدشات برقرار رکھے ہیں، جس سے سخت مالیاتی پالیسی کے امکانات مضبوط ہوئے۔ دوسری جانب مصنوعی ذہانت سے متعلق کمپنیوں کے حصص میں شدید گراوٹ کے باعث سرمایہ کار نقد رقم حاصل کرنے کے لیے مختلف اثاثے فروخت کررہے ہیں، جس سے سونے کو روایتی محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر بھی فائدہ نہیں مل رہا۔
ایلیویٹ فنانشل سروسز کے بانی اور چیف ایگزیکٹو مدھر ککڑ کے مطابق ان عوامل نے سونے کی محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر اضافی کشش کو کم کردیا ہے۔
قیمتوں کے مستقبل کے حوالے سے ککڑ نے کہا کہ قلیل مدت میں سونا موجودہ سطح سے مزید 100 سے 200 ڈالر فی اونس نیچے جاسکتا ہے۔ ویلیچا کے مطابق 3 ہزار 500 ڈالر کی نفسیاتی سطح اور اس کے بعد 3 ہزار 450 ڈالر اہم سپورٹ لیول ہیں، جبکہ موجودہ صورتحال میں قیمتوں میں بحالی کو بھی بعض سرمایہ کار فروخت کے موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
آئی سی ایم مینا کے ہیڈ آف بزنس ڈیولپمنٹ فراس بشواتی نے خبردار کیا کہ اگر دباؤ مزید بڑھا تو سونا 3 ہزار 250 اور 3 ہزار ڈالر فی اونس تک بھی جاسکتا ہے۔ تاہم مالیاتی پالیسی سے متعلق توقعات نرم ہونے اور اسٹاک مارکیٹوں میں استحکام آنے کی صورت میں قیمتیں موجودہ سطح کے قریب بھی مستحکم ہوسکتی ہیں۔
ہاشم کے مطابق اگلے چار سے آٹھ ہفتوں کے دوران سونے کی قیمت 3 ہزار 350 سے 3 ہزار 850 ڈالر فی اونس کے درمیان رہ سکتی ہے۔ اگر فیڈرل ریزرو اشارہ دے کہ شرح سود میں سختی کا سلسلہ ختم ہونے کے قریب ہے تو سونا 3 ہزار 800 ڈالر تک واپس آسکتا ہے، جبکہ 2027 تک مزید شرح سود بڑھانے کے اشارے ملنے پر قیمت 3 ہزار 300 سے 3 ہزار 400 ڈالر تک گر سکتی ہے۔
درمیانی مدت میں سونے کی بحالی کے امکانات بھی موجود ہیں۔ ہاشم کے مطابق اگلے تین سے چھ ماہ کے دوران سونا 3 ہزار 800 سے 4 ہزار 300 ڈالر تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ امریکی معاشی اعدادوشمار کمزور ہونے اور ڈالر کی قدر میں کمی کی صورت میں 4 ہزار 500 ڈالر کی سطح بھی ممکن ہے۔ منفی صورتحال میں قیمت 3 ہزار 100 سے 3 ہزار 200 ڈالر تک گرنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گولڈمین سیکس نے بھی سونے کے لیے 4 ہزار 150 ڈالر فی اونس کا سال کے اختتام کا تخمینہ اور 2027 کے اختتام تک 4 ہزار 800 ڈالر کی توقع ظاہر کی ہے۔ بشواتی کے مطابق اگر شرح سود اور بانڈز کی حقیقی منافع کی شرح میں مستقل کمی آتی ہے تو سونا بتدریج 4 ہزار سے 4 ہزار 500 ڈالر تک بحال ہوسکتا ہے۔
قیمتوں میں کمی کے باوجود سونے کی جسمانی خریداری اور ادارہ جاتی سرمایہ کاری برقرار ہے۔ ہاشم کے مطابق مرکزی بینکوں نے رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں 321 ٹن سونا خریدا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 42 فیصد زیادہ اور تقریباً دو سال کی بلند ترین سطح ہے۔ سونے کے ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز میں بھی اس سہ ماہی کے دوران تقریباً 31 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، جو ریکارڈ سطح ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ فروخت کا بڑا حصہ فیوچر مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی پوزیشنز اور فیڈرل ریزرو سے متعلق توقعات کے باعث ہے، جبکہ بعض سرمایہ کاروں نے ابھی تک سونے میں اپنی سرمایہ کاری مکمل طور پر ختم نہیں کی۔ اس لیے مزید فروخت کا امکان بھی موجود ہے۔
موجودہ سرمایہ کاروں کو گھبراہٹ میں سونا فروخت کرنے سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ویلیچا کے مطابق سونا رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے اسے برقرار رکھنا مناسب حکمت عملی ہوسکتی ہے، تاہم بلند شرح سود اور مضبوط ڈالر کے باعث احتیاط ضروری ہے۔
ہاشم کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں ایک تہائی سے زیادہ کمی کے بعد سونا فروخت کرنے سے نقصان مستقل ہوسکتا ہے۔ تین سے پانچ سال کی سرمایہ کاری کی مدت رکھنے والے سرمایہ کار اپنے پورٹ فولیو میں 5 سے 10 فیصد سونے کی تخصیص کرسکتے ہیں اور ایک ہی وقت میں پوری رقم لگانے کے بجائے مرحلہ وار خریداری کریں، مثلاً 3 ہزار 400 اور 3 ہزار 200 ڈالر کی سطحوں پر۔ تاہم لیوریج کے ذریعے قلیل مدتی تجارت کرنے والوں کو سرمایہ محفوظ رکھنے کو ترجیح دینی چاہیے۔
ککڑ کے مطابق پہلی بار سونا خریدنے والے بھی موجودہ قیمتوں پر مرحلہ وار خریداری پر غور کرسکتے ہیں، جبکہ بشواتی نے کہا کہ خریداری یا فروخت کا فیصلہ ہر سرمایہ کار کے اہداف، خطرہ برداشت کرنے کی صلاحیت اور سرمایہ کاری کی مدت پر منحصر ہے۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں دوبارہ تیزی کا سب سے بڑا محرک امریکی فیڈرل ریزرو کی نرم مالیاتی پالیسی ہوسکتی ہے، جس سے حقیقی شرح منافع کم اور ڈالر کمزور ہوگا۔ مرکزی بینکوں کی مزید خریداری، مغربی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی واپسی، ایران سے متعلق کشیدگی میں کمی اور امریکی حکومتی قرضوں کے خدشات بھی سونے کی قیمتوں کو سہارا دے سکتے ہیں۔
اس کے برعکس شرح سود میں مزید اضافہ، ڈالر کی مضبوطی، اسٹاک مارکیٹ میں دباؤ کے باعث سرمایہ کاروں کی جبری فروخت اور 3 ہزار 400 سے 3 ہزار 500 ڈالر کی سطح سے واضح نیچے جانے سے قیمتوں میں مزید کمی ہوسکتی ہے۔ ہاشم کے مطابق سب سے اہم خطرہ مرکزی بینکوں کی سونے کی خریداری میں کمی ہے۔







