
خلیج اردو
دبئی اور شارجہ کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں افراد کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، متحدہ عرب امارات کی وزارت توانائی و انفراسٹرکچر نے الاتحاد روڈ (ای 11) پر النہدہ انٹرچینج کے مقام پر بڑے پیمانے پر توسیعی منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس سے اس مصروف شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بہتر ہونے اور طویل ٹریفک جام میں نمایاں کمی کی توقع ہے۔
منصوبے کے تحت علاقے میں 8 نئے پل تعمیر کیے جائیں گے جن کی مجموعی لمبائی 4 کلومیٹر ہوگی، جبکہ ٹریفک کی بہتر تقسیم اور مقامی آمدورفت کو سہولت دینے کے لیے 4.5 کلومیٹر طویل سروس روڈز بھی بنائی جائیں گی۔
وزارت کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے بعد الاتحاد روڈ سے روزانہ گزرنے والی گاڑیوں کی گنجائش ایک لاکھ سے بڑھ کر ایک لاکھ 90 ہزار ہو جائے گی، جو موجودہ استعداد میں 90 فیصد اضافہ ہے۔ اسی طرح النہدہ انٹرچینج کی یومیہ ٹریفک گنجائش ایک لاکھ 88 ہزار سے بڑھا کر 3 لاکھ 10 ہزار گاڑیوں تک پہنچانے کا منصوبہ ہے، جس سے اس مقام کی استعداد میں تقریباً 65 فیصد اضافہ ہوگا۔
منصوبے کے نتیجے میں علاقے میں سفر کے دورانیے میں 79 فیصد بہتری متوقع ہے۔ وزارت کے مطابق اہم راستوں پر سفر کا وقت 15 منٹ سے کم ہو کر صرف 3 منٹ رہ جائے گا۔ اس پیش رفت سے دبئی اور شارجہ کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ملازمین، طلبہ اور دیگر شہریوں کو نمایاں سہولت ملنے کی امید ہے۔
وزارت توانائی و انفراسٹرکچر کا کہنا ہے کہ الاتحاد روڈ کی بہتری کا بنیادی مقصد دبئی اور شارجہ کے درمیان ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔ منصوبے سے نہ صرف سفر کا وقت کم ہوگا بلکہ سڑکوں پر حفاظت کے معیار میں بہتری، انٹرچینجز کی کارکردگی میں اضافہ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
یہ منصوبہ الاتحاد روڈ کی ترقی اور اپ گریڈیشن کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے۔ اس مرحلے کے لیے ٹینڈر نمبر 2026-025، کیٹیگری اے کے تحت بولیاں طلب کر لی گئی ہیں۔ وزارت نے ایسے ٹھیکیداروں اور کمپنیوں کو شرکت کی دعوت دی ہے جنہیں منصوبے کے جغرافیائی علاقے میں بھاری ٹریفک کے دباؤ کے باوجود زیادہ گنجائش والی شاہراہوں کی تعمیر کا تجربہ حاصل ہو۔ ٹینڈر جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔
اس سے قبل ستمبر میں الاتحاد روڈ سے القیادہ انٹرچینج پر ایک نئی لین بھی متعارف کرائی گئی تھی، جس کا مقصد ابو ہیل اور صلاح الدین اسٹریٹس کی جانب جانے والی ٹریفک کو بہتر بنانا تھا۔ دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے توقع ظاہر کی تھی کہ اس نئی لین کے باعث رش کے اوقات میں انٹرچینج پر انتظار کے دورانیے میں 15 فیصد تک کمی آئے گی۔ اتھارٹی نے ابو ہیل اسٹریٹ کے ساتھ پارکنگ کی نئی جگہیں بھی فراہم کی تھیں۔
متحدہ عرب امارات میں ہر سال سڑکوں، پلوں، ڈیموں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور بہتری پر اربوں درہم خرچ کیے جاتے ہیں۔ الاتحاد روڈ کا نیا منصوبہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس کا مقصد بڑھتی ہوئی آبادی اور گاڑیوں کی تعداد کے پیش نظر ٹرانسپورٹ نظام کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔







