خلیج اردو
اسلام آباد:تحریک انصاف نے بطور جماعت چیف الیکشن کمشنر اور ممبرز کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کر لیا ۔ درج شکایت میں موقف اپنایاکہ چیف الیکشن کمشنر اورارکان کے خلاف مس کنڈکٹ پر انکوائری کی جائے۔ الزامات ثابت ہونے پر انہیں برطرف کرنے کی سفارش کی جائے۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر اور ممبرز کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر کر دی ۔ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کے خلاف مس کنڈکٹ پر انکوائری کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ الزامات ثابت ہونے پر برطرفی کی سفارش کی جائے۔
پی ٹی آئی کی شکایت میں انتخابات سے پہلے اور بعد کے واقعات کا تذکرہ بھی ہے۔ شکایت میں موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کی آئینی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا۔ کمیشن نے پری پول دھاندلی پر آنکھیں بند رکھیں۔ پی ٹی آئی ارکان کی پریس کانفرنس میں وفاداریاں تبدیل کرائی گئیں۔
امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے، کارکنوں کو اغواء کیا گیا۔ فارم 45 کی فراہمی بھی بروقت نہیں کی گئی۔ انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ ریٹرننگ افسران کو سیاسی بنیادوں پر تعینات کیا گیا۔ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کیخلاف عدالتوں میں باقاعدہ فریق بنا ہوا ہے۔