پاکستانی خبریں

جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل، تمام 33 دہشت گرد ہلاک،شہادتوں کی تعداد معلوم ہوگئی

خلیج اردو
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران 21 شہری اور 4 فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکار شہید ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 11 مارچ کو دوپہر ایک بجے کے قریب دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ریلوے ٹریک پر دھماکے سے نشانہ بنایا۔ ٹرین میں 440 سے زائد مسافر سوار تھے۔ دہشت گردوں نے حملے کے بعد متعدد مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرحلہ وار مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ گزشتہ شام 100 کے قریب مسافروں کو بھی کامیاب آپریشن کے ذریعے آزاد کروایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد مسافروں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے، جس کے باعث آپریشن انتہائی حساس مرحلے میں داخل ہوا۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کو پاکستان میں اپنے قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو کلیئر کر دیا ہے اور علاقے میں مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔ آپریشن کی کامیابی پر پاک فوج نے قوم کو یقین دلایا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button