
خلیج اردو
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ذہنی مریض کبھی ملک کے حق میں بات نہیں کرے گا اور ریاستی اداروں کے خلاف استعمال ہونے والی زبان اب برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر روزانہ تماشہ لگانے والوں کو اب قانون کی عملداری دکھائی جائے گی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ فوج سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی لیکن پی ٹی آئی بار بار فوج اور اس کے سربراہ کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہی ہے، جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج اور اس کے سربراہ نے طویل عرصے تک صبر اور درگزر سے کام لیا لیکن پی ٹی آئی کی مسلسل الزام تراشی نے انہیں جواب دینے پر مجبور کیا۔
وزیر مملکت نے دعویٰ کیا کہ اگر جنرل پاشا اور جنرل فیض نہ ہوتے تو بانی پی ٹی آئی وزیراعظم تو دور کی بات، کونسلر بھی نہ بن پاتے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دینے پر اب خود شرمندگی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ ان کی حیثیت بنی گالہ کے شیروں سے زیادہ نہیں۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچے آج بھی گولڈ اسمتھ کی گود میں پل رہے ہیں، جبکہ کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں پہنچنے کے بعد خود کو عقلِ کل سمجھ لینا ذہنی بیماری کے سوا کچھ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ہری پور میں الیکشن نہیں جیت سکے، وہ لاہور سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں کام یابی کیسے حاصل کریں گے۔






