خلیج اردو
اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ہری پور کے علاقہ سورج گلی میں قائم سٹون کرشنگ پلانٹس بند کرنے کا حکم دے دیا۔ ایئر کوالٹی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کا دوسرا آلودہ ترین ملک ہے۔ صاف شفاف ماحول میں رہنا ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے۔ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے سٹون کرشنگ پلانٹس کیخلاف آزادانہ کارروائی کی جائے۔ عدالت نے 11 جولائی کی سماعت کو تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
17صفحات پر مشتمل حکم نامہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق کے پی میں تین سٹون کرشر ایسے ہیں جو ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔ ان کرشنگ پلانٹس کو فوری بند کرایا جائے۔
عدالت کو بتایا گیا صوبہ خیبر پختونخوا میں مزید 900سٹون کرشنگ پلانٹس کام کر رہے ہیں۔ صوبائی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی ان پلانٹس کا جائزہ لے۔ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے اور آلودگی سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کرشنگ پلانٹس کیخلاف کارروائی کی جائے۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے دنیا میں ہر 9 سے ایک موت فضائی آلودگی کی وجہ سے ہوتی ہے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق فضائی آلودگی سالانہ ستر لاکھ اموات کا باعث بن رہی ہے۔بنگلہ دیش، بھارت، نیپال اور پاکستان دنیا کے آلودہ ترین ممالک ہیں۔دنیا کی کل آبادی کا 22.9فیصد بنگلہ دیش، بھارت نیپال اور پاکستان میں ہے۔
ایئر کوالٹی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کا دوسرا آلودہ ترین ملک ہے۔ماحولیاتی آلودگی کے سبب انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں اور درختوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ کینسر اور دل کی مہلک بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔
عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو فضائی آلودگی سے متعلق قواعد کی تجدید کا حکم دیتے ہوئے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ۔ کیس کی مزید سماعت نومبر کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔سٹون کرشنگ پلانٹس کیخلاف سورج گلی خانپور کے رہائشیوں نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے