خلیج اردو
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں شہدا اور بہادر سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے،،، سپہ سالار کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل دہشت گردی اور ففتھ جنریشن وار نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آرہے ہیں،،، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے مشروط ہے۔
آرمی چیف نے اپنے پیغا میں کہا کہ جنگ ستمبر کے موقع پر قومی اتحاد و یک جہتی کا جو عظیم جذبہ دیکھنے میں آیا وہ ہماری مسلح افواج اور قوم کے لئے سرمایہ افتخار ہے۔
ہماری مسلح افواج نے معرکہ ستمبر میں جس بے مثال جرأت و بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا ،وہ نہ صرف تاریخ کے ابواب میں سنہری حروف سے رقم ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ سپہ سالار نےشہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مختلف قرآنی آیات کا حوالہ بھی دیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ ہمارے شہداء ہمارے لئے مقدم ہیں اور ہم اپنے شہداء اور انکے اہل خانہ کی حرمت و حفاظت کی ذمہ داری بطریق احسن انجام دینا جانتے ہیں اور دیتے رہیں گے، پاک فوج دفاع وطن کے لئے پرعزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہے، ہر افسر اور سپاہی جذبہ ستمبر کو دل میں بسائے ہوئے پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کا فرض نبھا رہا ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جس جرأت اور جوانمردی کے ساتھ پاک افواج اورعوام نے دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کر رہے ہیں دنیابھر میں اس کی مثال نہیں ملتی۔اداروں کی کاوشوں کی بدولت پاکستان عدم استحکام کا شکار ہونے سے
محفوظ ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ روایتی دہشت گردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے، جس کا ہم بخوبی مقابلہ کر رہے ہیں۔ جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کو ئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہم اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات
کے خواہاں ہیں۔ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے مشروط ہے۔
پاکستان فلسطینیوں کے حق میں اپنی اواز بلند کرتا رہے گا۔