خلیج اردو
عاطف خان خٹک
اسلام آباد : چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ کیس کی سماعت کی اور پھر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ سپریم کورٹ نے گیارہ صفحات پر مشتمل مختصر حکم نامہ جاری کیا اور بتایا کہ تفصیلی تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے فیصلہ تاخیر کا شکار ہونے پر سب سے پہلے معذرت کی اور حکم نامے میں پرویز الہیٰ کی درخواست کو منظور کرنے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ق لیگ کے مسترد شدہ ووٹوں کو درست قرار دیا۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سپریم کورٹ کے حکم کو غلط سمجھا اور رولنگ دیتے ہوئے ق لیگ کے درست ووٹوں کو مسترد کیا۔
عدالت نے حکم کی کاپی فریقین کو فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی اور حمزہ شہباز سمیت پوری کابینہ کو فوری دفاتر خالی کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں حمزہ نے 179 ووٹ جبکہ پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ حاصل کیے اس اعتبار سے وہ ہی وزیراعلیٰ پنجاب ہیں۔
عدالت نے حمزہ شہباز کی بطور وزیراعلیٰ حلف برداری اور کابینہ کی تشکیل نو کو بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے پرویز الہیٰ کو رات گیارہ بجے حلف اٹھانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ اگر گورنر پنجاب دستیاب نہ ہوں تو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پرویز الہیٰ سے حلف لیں۔ عدالتی فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ حمزہ شہباز اور کابینہ کے آئین و قانون کے مطابق کئے گئے فیصلے برقرار رہیں گے اور انہیں تحفظ حاصل ہوگا۔
فیصلے کے بعد بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر بنی گالہ میں جشن کے ساتھ ساتھ ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ مونس الہی نے عمران خان سے اہم ملاقات کی اور مشترکہ جیت پر مبارک باد دی
عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی قیادت کا اجلاس ہوا۔۔ اجلاس میں شیریں مزاری،فواد چوہدری،فیصل چوہدری،شہزاد وسیم ،عمران اسمعیل،فیصل جاوید فرخ حبیب عامر کیانی،شہباز گل شریک ہوئے۔۔ اجلاس میں سپیریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد کی صورتحال پر غور جاری کیا گیا
عمران خان کو قانونی ٹیم نے فیصلے پر بریفنگ دی۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے،فیصلہ سے عوام کے مینڈیٹ کو کامیابی ملی۔پنجاب میں اب عوامی حکومت قائم ہوگی۔
دوسری طرف عمران خان نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے بدھ کے روز یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان نے فیصلے پر ججز کو خراج تحسین بھی پیش کی ہے۔