
خلیج اردو – پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے واضح کیا ہے کہ سیاسی معاملات بہتر ہونے تک پاک بھارت کرکٹ سیریز نہیں ہو سکتی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پی سی بی نے گزشتہ چند سالوں کے دوران متعدد مرتبہ بی سی سی آئی سے دو طرفہ سیریز کے لیے بات کی ہے اب معاملہ بھارت کے ہاتھ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے باہمی سیاسی معاملات حل کرے پھر کرکٹ پر بات کریں گے
احسان مانی نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی لیگ شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ پاکستانی کرکٹرز آئی پی ایل میں جانے کا بھی نہیں کہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق دو ممالک سیریز کے لیے سیاسی معاملات بہتر ہونا ضروری ہے، سیریز کے حوالے سے اب آئی سی سی کو بی سی سی آئی سے بات کرنی چاہئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اپنی یوٹیوب ویڈیو میں قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے کہا تھا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین دو طرفہ سیریز بہت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹینس اور کبڈی کے میچز کھیل سکتی ہیں تو کرکٹ کھیلنے میں کیا حرج ہے۔اگر دونوں ممالک نے کسی بھی قسم کے رابطے نہیں رکھنے تو دیگر کھیلوں کا بھی بائیکاٹ کر دیں۔







