خلیج اردو
اسلام آباد:سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن، خیبرپختونخوا میں تین مختلف کارروائیوں کے دوران 23 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔ پاک فوج کے ایک افسر اور چھ جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز حسن خیل میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا جس میں 6 دہشتگرد ہلاک کرکے ان کے ٹھکانے تباہ کیے گئے۔ دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ شہید ہو گئےتھے ۔
دوسرا آپریشن ٹانک میں کیا گیا۔ پناہ گاہوں کے محاصرہ کے بعد کارروائی کے دوران 10 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔ تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشتگرد مارے گئے جبکہ دو دہشتگرد زخمی ہوئے۔ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ جوان بھی شہید ہوئے۔
شہدا میں نائیک محمد اشفاق بٹ۔ لانس نائیک سید دانش ۔ سپاہی تیمور ملک۔ سپاہی نادر صغیر اور سپاہی محمد یاسین شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا
آئی ایس پی آر کا کہا ہےکہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے ۔ آپریشن والے علاقوں میں سینیٹائزیشن کا عمل جاری ہے ۔ افواج پاکستان ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے