خلیج اردو
پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر صوابی میں پولیس نے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی،
پی آر او لیاقت کے مطابق صوابی کے علاقے ہنڈ میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کی، بعد ازاں دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، دھماکے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ۔
پی آر او کے مطابق علی الصبح انٹیلی ایجنسیوں کی جانب سے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی جس پر ڈی پی او صوابی کیپٹن (ر) نجم الحسنین کی زیر قیادت بھاری نفری ضلعی پولیس نے حسب اطلاع موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن سے پہلے شرپسندوں کو بذریعہ لاوڈ سپیکر سرنڈر ہونے کا کہا گیا تاہم انہوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کھول دی جبکہ پولیس نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔
پی آر او لیاقت نے مزید بتایا کہ آپریشن کی نتیجے میں دو دہشت گردوں نے خود کو اڑا دیا جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔
ترجمان کے مطابق واقعہ کے بعد ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ جبکہ جگہ جگہ سخت چیکنگ جاری ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی صوابی میں پولیس اہلکاروں اور انسداد پولیو کی ٹیموں پر شدت پسند حملے ہوتے رہے ہیں جس میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔